امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ طور پر ایران پر حملہ، تہران سمیت کئی شہروں پر میزائل داغ دیے، ایران نے جوابی حملہ کردیا

تہران (نیشنل ٹائمز) امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران پر حملہ کرتے ہوئے تہران سمیت مختلف شہروں پر میزائل داغ دیے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق دارالحکومت تہران میں متعدد دھماکے سنے گئے، جہاں بالخصوص شمالی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران کے مشرقی حصے میں ایک زور دار دھماکا سنا گیا جبکہ شمالی علاقوں میں مزید دو دھماکے ہوئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق اسرائیل نے تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ سیستان، اصفہان، قم، کرج، کرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب سات میزائل گرے۔ حملوں میں متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی جانب سے یورینیم افزودگی کے معاہدے میں پیش رفت نہ ہونے پر ناراض تھے، اور ایران پر امریکی حملے فضا اور سمندر دونوں راستوں سے جاری ہیں۔

ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ

امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ایران نے بھی اسرائیل پر میزائل حملہ کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل داغے گئے ہیں اور خطرے سے نمٹنے کے لیے دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل اسرائیل کے شمالی علاقوں کی جانب فائر کیے گئے۔ اسرائیلی حکام نے شہریوں کو فوری طور پر شیلٹرز میں جانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

آپریشن کی پیشگی منصوبہ بندی

ایک اسرائیلی دفاعی اہلکار کے مطابق ایران میں جاری آپریشن امریکا کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر حملے کا منصوبہ مہینوں پہلے تیار کیا گیا تھا جبکہ حملے کی تاریخ کا حتمی فیصلہ چند ہفتے قبل کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای اس وقت تہران میں موجود نہیں ہیں اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایران نے حملے کے بعد اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں جبکہ عراق نے بھی فضائی ٹریفک معطل کر دی ہے۔

ایران کا سخت ردعمل کا اعلان

ایرانی حکام نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران سخت جوابی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے اور اس کا ردعمل انتہائی شدید ہوگا۔ ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ اب ان حملوں کا انجام حملہ آوروں کے اختیار میں نہیں رہا۔

اسرائیلی مؤقف

اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تہران پر پیشگی حملے کیے گئے ہیں تاکہ اسرائیل کو درپیش خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق متعدد میزائل تہران کی یونیورسٹی روڈ اور جمہوریہ ایریا میں گرے جبکہ شہر کے مختلف حصوں میں دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

اسرائیلی وزارت دفاع نے ملک بھر میں اسکول بند کرنے، عوام کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت دینے اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بھی بجائے گئے۔

علاقائی صورتحال

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قطر میں امریکی سفارت خانے کے اہلکاروں کو شیلٹر میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے اور انہیں اگلے حکم تک وہیں رہنے کو کہا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی ممالک پہلے ہی اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت دے چکے تھے۔ روس نے بھی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایران اور اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔

ایک امریکی عہدیدار کے مطابق ایران کے خلاف امریکی فوجی آپریشن کئی روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ اس کارروائی کا مقصد ایرانی حکومت سے لاحق خطرات کا خاتمہ اور امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور امریکا ایران کے میزائل نظام اور بحری صلاحیتوں کو نشانہ بنائے گا۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا خطے میں موجود اپنے اہلکاروں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔



  تازہ ترین   
ایرانی میڈیا نے آیت اللہ خامنہ ای کی وفات کی تصدیق کر دی
وزیراعظم کا سعودی ولی عہد اور اماراتی صدر سے رابطہ، ایران پر اسرائیلی حملوں اور خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت
ایران کا ایک بار پھر اسرائیل پر بیلسٹک میزائل سے حملہ، عمارتوں میں آگ بھڑک اُٹھی
اسرائیلی حکام کا ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت ملنےکا دعویٰ
ایران کے شہر مناب میں لڑکیوں کے اسکول پر اسرائیلی حملہ، شہدا کی تعداد 165 ہو گئی
امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ طور پر ایران پر حملہ، تہران سمیت کئی شہروں پر میزائل داغ دیے، ایران نے جوابی حملہ کردیا
قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں دراندازی ناکام، قندھار میں فوجی ہیڈکوارٹرز پر بمباری
آپریشن غضب لِلحق کے دوران 331 افغان طالبان ہلاک، 104 چوکیاں تباہ، 22 پر قبضہ





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر