راولپنڈی،اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) اڈیالہ جیل میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی تحریک انصاف عمران خان سے 2 گھنٹے طویل ملاقات کرائی گئی۔ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد گنڈاپور میڈیا سے گفتگو کیے بغیر واپس چلے گئے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ملاقات میں پارٹی کے اندرونی اختلافات اور خیبرپختونخوا میں امن و امان سمیت اہم معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور صوبائی اقدامات سے آگاہی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ گنڈاپور نے عمران خان کو معیشت، بجٹ اور قبائلی جرگوں کے ذریعے قیام امن کی کوششوں پر بریفنگ دی۔بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے افغانستان سے مذاکرات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور معاشی معاملات پر مزید بریفنگ کے لیے مشیر خزانہ مزمل اسلم کو بھی طلب کر لیا۔ عمران خان نے مشیر خزانہ سے ملاقات نہ کرانے پر عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی دی۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں مختلف وزرا اور محکموں کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔عمران خان نے وزیراعلیٰ کو مکمل اختیار دیتے ہوئے پارٹی اتحاد کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ اختلافات پیدا کرنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے حقیقی آزادی کی تحریک کو مزید تیز کرنے اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ آج ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کریں گے ۔دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے آڈیو لیک کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ان کے وکیل کے پیش ہونے پر منسوخ کر دئیے۔
گنڈا پور کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے 2 گھنٹے ملاقات، پارٹی معاملات پر مشاورت



