اسلام آباد(نیشنل ٹامز)چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے قومی ہیروز کو عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم قومی ہیروز ہیں، ٹیم جلد ناروے کپ اور یو کے ٹورز میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی ۔ان خیالات انہوں نے پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ بچے ہمارے قومی سفیر ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے، یہ بچے نہ صرف ہمارے عزم اور حوصلے کی علامت ہیں، یہ فٹ بال کے کھلاڑی نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہیں، یہ لمحہ بچوں کے لیے تاریخی ہے، ہم ان بچوں کی حوصلہ افزائی کر کے ایک باوقار اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں ۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کی کامیابی ہر پاکستانی نوجوان کے لیے ایک امید کی کرن ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام ایسے باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ڈیجیٹل یوتھ ہب اور کھیلوں کے مواقع نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے ثابت کر رہے ہیں کہ اگر حوصلہ ہو تو سڑکوں سے نکل کر دنیا کے میدانوں میں جگہ بنائی جا سکتی ہے۔
پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم قومی ہیروز ہیں،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم سے ملاقات میں گفتگو



