اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی انتہائی ضروری ہے ،کھیلوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ، افسوس اس بات کا ہے کہ صوبہ میں کرپشن کو فوقیت دے کر میرٹ کا قتل کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف ہائی پرفارمنس فزیکل فٹنس کوچ، ٹرینر اور ماہر غذائیت نجیب خٹک سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا۔ نجیب خٹک پی ایچ ڈی سکالر ایچ پی ای ایس ایس ہیں اور ہاکی کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ عمان ہاکی ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ کے برانز میڈلسٹ، پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ ایشین گیمز اور ایشیا کپ کے میڈلسٹ رہ چکے ہیں جبکہ پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے ایشیا کپ سلور میڈل بھی جیت چکے ہیں۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کھیلوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے اور حکومتوں کو اس پر توجہ دینا ہوگی،ملکی نوجوانوں خاص طورپر کے پی کے صوبہ میں نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو کوہ پیمائی اور دیگر کھیلوں میں عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لئے اقدامات کرنے کے حوالہ سے گورنر ہاؤس بھرپور تعاون کرے گا۔
باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی انتہائی ضروری ہے، فیصل کریم کنڈی



