وہاڑی (محمد یوسف بھٹی) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی نتاشا دولتانہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک کی ترقی، جمہوریت کے استحکام اور عوامی فلاح کو اپنا مشن بنایا۔

سپیشل نشست پر ایم این اے منتخب ہونے پر مبارکباد کیلئے آنے والے معروف سیاسی شخصیت و کسان رہنما سید سخی حسین شاہ سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی نے نہ صرف ملکی سطح پر بہترین پالیسیوں کو فروغ دیا بلکہ بلاول بھٹو نے وزیر خارجہ کی حیثیت سے اپنی شاندار سفارتی حکمت عملی سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف جرات مندی سے پیش کیا، دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا اور عالمی برادری میں پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کی خارجہ پالیسی کی کامیابیوں کی بدولت آج دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار اور امن دوست ملک کے طور پر دیکھتی ہے۔
نتاشا دولتانہ نے مزید کہا کہ پارٹی کارکن ہی اصل طاقت ہیں اور کسانوں سمیت محروم طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔اس موقع پر سید راجن امام شاہ اور دیگر معززین بھی موجود تھے جنہوں نے نتاشا دولتانہ کو ایم این اے منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور پارٹی کی کامیابیوں کو سراہا۔



