برسلز (نیشنل ٹائمز) پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دسویں سیاسی مذاکرات کا انعقاد برسلز میں ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کی، جبکہ یورپی یونین کی نمائندگی ڈپٹی سیکرٹری جنرل یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس، اولوف سکوگ نے کی۔ مذاکرات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئے۔
فریقین نے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (SEP) پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس منصوبے کو پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جامع اور طویل المدتی شراکت داری کی بنیاد قرار دیا گیا۔
پاکستانی وفد کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا۔ وفد نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
مذاکرات کے دوران تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کے فروغ پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پرامن حل ہی پائیدار استحکام کا ضامن ہو سکتا ہے۔
عالمی بحرانوں پر گفتگو کے دوران، پاکستان اور یورپی یونین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی مشترکہ اپیل جاری کی، اور فلسطین میں دیرپا، منصفانہ اور جامع امن کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔
مذاکرات کے اختتام پر دونوں فریقین نے جلد از جلد ساتویں پاک۔یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے انعقاد پر اتفاق کیا، تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرائی اور وسعت دی جا سکے۔



