ویب ڈیسک(نیشنل ٹائمز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلیٹ خریدنے سے پہلے عمارت کو تمام منظوریاں حاصل ہونے کی جانچ کو یقینی بنائیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ لیاری عمارت حادثہ بہت دکھی کرنے والا ہے،کوشش یہی تھی کہ جانیں بچائی جائیں، عمارت کا ملبہ اٹھانےکا کام آج مکمل کرلیا جائےگا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لیاری عمارت حادثے پر کمیٹی بنا دی ہے، کل اجلاس میں رپورٹس کا جائزہ لیں گے ۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ گزشتہ شب آگرہ تاج میں خالی کرائی گئی عمارت چند سال قبل ایس بی سی اے کی منظوری کے بغیر بنی تھی، اولڈسٹی ایریا میں 400 سے زائد خطرناک عمارتوں کے مکینوں کی متبادل رہائش کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری فلیٹ خریدنے سے پہلے یہ جانچ یقینی بنائیں کہ عمارت کو تمام منظوریاں حاصل ہیں یا نہیں؟وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں یوم عاشور کے موقع پر نکلنے والے جلوس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کوشش کی ہے جلوس میں سکیورٹی کے اچھے انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں ساڑھے17 ہزار سے زائد مجالس ہوئی ہیں، سندھ میں محرم کے دوران 1400 سے زائد مجالس کو سکیورٹی دی جاتی ہے اور 50 ہزار پولیس اہلکار جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تعینات ہیں۔
شہری فلیٹ خریدنے سے پہلے عمارتوں کی منظوری کی جانچ کو یقینی بنائیں: وزیر اعلیٰ سندھ



