سٹراس برگ (نیشنل ٹائمز) پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے یورپی پارلیمنٹ کی قانونی امور کی کمیٹی (JURI) کے چیئرمین مسٹر الہان کیوچیوک سے اہم ملاقات کی، جس میں GSP+ فریم ورک کے تحت قانون کی حکمرانی، عدالتی آزادی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے میں پاکستان کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پارلیمانی وفد نے بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وفد نے خاص طور پر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور آبی وسائل کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے مسئلے کو اجاگر کیا، جسے نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
پاکستانی پارلیمانی وفد نے قانون کی حکمرانی اور قواعد پر مبنی بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کی ضرورت پر زور دیا اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اس ضمن میں کردار ادا کرے۔



