ڈربی(نیشنل ٹائمز) پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر شاہین آفریدی نے حارث رئوف کو مبارکباد پیش کی ہے۔پی سی بی کے لیے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوست اور ساتھی کرکٹر حارث رئوف کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے، اس موقع پر حارث رئوف کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شمولیت کی خبر ملنے پر بہت خوش ہوں اور اس سے مزید حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔انٹرویو کے دوران فاسٹ بالر حارث رئوف نے شاہین شاہ آفریدی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں سیریز ہمیشہ چیلنجنگ رہتی ہے تاہم وہ میزبان ٹیم کے خلاف 8 جولائی سے شروع ہونے والی سیریز میں بہتر بالنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔دونوں کھلاڑیوں نے اتفاق کیا ہے کہ وہ بالنگ میں اچھی شراکت داری قائم کرکے میزبان ٹیم کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ برطانیہ کی حکومت نے اب شائقین کو بھی اسٹیڈیمز میں میچز دیکھنے کی اجازت دے رکھی ہے۔حارث رئوف نے کہا ہے کہ وہ انگلینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ فینز کے سامنے پرفارم کرنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں جب کہ شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ برطانیہ میں کراڈ کے سامنے بولنگ کرکے لطف اندوز ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ راولپنڈی میں پیدا ہونے والے حارث رف کو گزشتہ روز پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کٹیگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے۔27سالہ فاسٹ بالر گزشتہ سال ایمرجنگ کٹیگری کا حصہ تھے۔ ان گزشتہ 12ماہ میں، حارث رئوف نے 22اننگز میں 26.12کی اوسط اور 7.46کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 31وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین آفریدی کی حارث رئوف کو سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر مبارکباد



