بارسلونا(شِنہوا)چینی کارساز کمپنی چیری اور سپین کی الیکٹرک کارساز کمپنی ایبرو کے درمیان شراکت داری کو باہمی طور پر مفید تعلق قرار دیا گیا ہے۔
بزنس انسائیڈرز ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دونوں کمپنیوں نے 19 اپریل کو سپین کے شمال مشرقی شہر بارسلونا کے زونا فرانکا صنعتی علاقے میں سابقہ نسان پلانٹ میں گاڑیاں تیار کرنے کی شراکت داری کا آغاز کیا تھا۔
ایبرو کے مالک ای وی موٹرز کے صدر رافیل روئز کا کہنا ہے کہ یہ باہمی مفید شراکت داری ہے جس سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہو گا اور بارسلونا میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
رافیل نے شِنہوا کو ایک انٹرویو میں کہا کہ آغاز سے ہی چیری ہمیں ایسی شراکت دار لگی جو پیداواری پلانٹ شروع کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔پلانٹ 2021 میں بند ہو گیا تھا جب نسان نے یہاں گاڑیوں کی تیاری بند کر دی۔
ایبرو کے سی ای او پیڈرو کیلف نے شِنہوا کو بتایا کہ 7 ماہ بعد ایبرو کی 2 ایس یو وی ماڈل گاڑیوں کی تیاری مکمل ہونے جا رہی ہے اور توقع ہے کہ نیا سال شروع ہوتے ہی ہر گھنٹے میں 6 گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔
ایبرو کے سی ای او نے کہا کمپنی ابتدائی طور پر پلانٹ میں تیار ہونے والی نئی گاڑیوں کے لئے سپین میں 30 ڈیلرشپس کھولنا چاہتی ہے۔
نسان کے سابقہ ملازمین کے لئے بھی اچھی خبر ہے کہ تقریباً 750 ملازمین کو پہلے ہی ملازمت دی جا چکی ہے اور وہ اپنے نئے چینی ساتھیوں کے ساتھ فیکٹری میں کام کریں گے۔
چینی اور ہسپانوی الیکٹرک کارسازوں کی شراکت داری باہمی مفید قرار
