لاہور(نیشنل ٹائمز) سپیکر پنجاب اسمبلی و رہنما مسلم لیگ( ن) ملک احمد خان نے کہا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کی گرفتاری اور کورٹ مارشل کی کاروائی کا معاملہ غیر معمولی نوعیت کا ہے، تحقیقات اور تفصیلی رپورٹ سامنے آئے گی تو فیض حمید، عمران خان اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گٹھ جوڑ کے حقائق معلوم ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیلانی پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملک احمد خان کا کہنا تھا جب 9 مئی کا واقعہ پیش آیا بانی پی ٹی آئی سربراہی کر رہے تھے، ایک ہی وقت میں 29 جگہوں پر حملے ہوئے، یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ یہ کیسے ممکن ہے کہ 9 مئی کے تمام حملوں کا ڈیزائن ایک ہو، ایک سیاسی جماعت کے بلوائیوں نے شہدا کی تضحیک کی۔ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ افواج اپنے پرائیڈ پر زندہ ہوتی ہیں، آج آپ سوشل میڈیا پر جیسی مرضی باتیں سن لیں یا کرلیں، دہشتگردوں کا ہاتھ افواج پاکستان نے روکا ہوا ہے، دنیا کی سب سے لمبی لڑی جانے والی جنگ میں افواج پاکستان شہادتیں دے رہی ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اب ادارے نے کورٹ مارشل جیسا اقدام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جب تک فیض حمید والے معاملے کی تفتیش کی تفصیلات سامنے نہ آجائیں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ گٹھ جوڑ کے نتیجے میں بہت کچھ تبدیل کر دیا گیا، شواہد مل رہے ہیں کہ کیسے معاملات کو چلایا گیا، بغاوت کی سزا تو ہوگی، یہ ایک بڑا سنگین معاملہ ہے، اس کے اثرات بھی بہت سنگین ہوں گے، اس طرح کا معجزہ کبھی ہوا نہیں، ایسی شخصیت پر پہلے کبھی ہاتھ کبھی ڈلا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک دن قبل بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں جنرل (ر)فیض سے کوئی تعلق نہیں، ایک دن قبل ثاقب نثار کہتے ہیں فیض حمید سے کوئی تعلق نہیں، خدا کا خوف ہونا چاہیے اس تعلق کی شہادت 25کروڑ لوگ دے سکتے ہیں، آپ کے اس تعلق کی بنیاد پر جھوٹے سیاسی مقدمات ہوئے، آپ کے اس تعلق کی بنیاد پر ملک میں عدم استحکام آیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ اس ملک کا ہر شہری گواہ ہے ایک اچھے خاصے ملک کو آپ نے برباد کر دیا، آج آپ کہتے ہیں آپ کا جنرل (ر)فیض سے کوئی تعلق نہیں۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نوازشریف سے لوگوں کو توقعات ہیں کہ کروڑوں لوگوں کو ریلیف ملے گا، بجلی کی قیمت میں 14 روپے کی کمی ایک خاطر خواہ ریلیف ہے ، اربوں روپے کا پیکیج بہت بڑا ہے ،لوگوں کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پی ایچ اے کے ڈیلی ویجز مزدوروں سے وعدہ کیا کہ ان کے وکیل بن کر ان کا مقدمہ لڑیں گے اور رزق حلال کمانے والے مزدوروں کو ان کا حق ان کی دہلیز پر دلوائیں گے۔
فیض حمید کی گرفتاری کا معاملہ غیر معمولی نوعیت کا ہے، ملک احمد خان



