راولپنڈی ( نیشنل ٹائمز ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے 13 اگست کو لال حویلی کے باہر جلسے کی درخواست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ پچھلے پچاس سال سے ہم لوگ 13 اگست کی رات کو آزادی کا جشن مناتے اور جلسہ کرتے ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ روز ڈی سی راولپنڈی کو جشن آزادی منانے اور جلسے کیلئے درخواست دے دی، امید ہے 13 اگست کو رات کے جلسے کی اجازت دی جائے گی، 13 اگست کی رات کو دس بجے سے رات 12 بجے تک تاریخی جلسہ منعقد کیا جائے گا، تمام لوگوں سے اس جشن اور جلسے میں شرکت کی اپیل کرتا ہوں۔
شیخ رشید احمد یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ بجلی کے بل زہر قاتل کی طرح لڑ گئے ہیں، بجلی کے بل سے لوگ آپس میں لڑرہے ہیں،حکومت خود عوام کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر رہی ہے، سیاسی صورتحال تباہی و بربادی کی طرف جا رہی ہے،عوام بجلی کے بلوں سے شدیدتنگ آئے ہوئے ہیں، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے لیکن حکومت کو بس پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی فکر لگی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے کچھ نہیں ہوگا کیوں کہ پہلے بھی پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھینا تھا اور بانی پی ٹی آئی پر پابندی لگا دی تھی اور الیکشن سے پہلے عمران کو سزائیں بھی سنائیں گئیں لیکن اس کے باوجود عوام نے پھر بھی الیکشن میں ووٹ پی ٹی آئی کو دیا تھا، ان کے ہر فیصلے کا فائدہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہوتا ہے، سیاسی صورتحال تباہی و بربادی کی طرف جا رہی ہے، سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، جب کسی کی عقل پر پردے پڑ جاتے ہیں تو پھر کیا ہوتا ہے، یہ جو قدم بھی اٹھاتے ہیں ان کو ہی نقصان پہنچتا ہے۔



