اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) عدالت نے اسلام آباد پولیس میں 50 فیصد کوٹہ پر دیگر صوبوں سے بھرتیوں کا حتمی فیصلہ روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی پولیس کو 50 فیصد کوٹہ پر دیگر صوبوں سے بھرتیوں کا حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا، اس حوالے سے جاری تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی ٹی پولیس میں بھرتیوں کا عمل جاری رہے گا تاہم دیگر صوبوں کے 50 فیصد کوٹہ کا رزلٹ نہیں سنایا جا سکتا۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی پولیس میں بھرتیوں کے کوٹہ کے کیس میں جسٹس محسن اخترکیانی نے بیرسٹر ایس ایم یاور گردیزی کی درخواست پر سماعت کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھرتیوں کیلئے اسلام آباد کا ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں کا فیصلہ سنایا جا سکتا ہے، فریقین کوآئندہ سماعت تک پیرا وائز کمنٹس داخل کرانے کی ہدایت کی جاتی ہے، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد آئندہ سماعت 23 ستمبر پر معاونت کیلئے عدالت پیش ہوں‘۔
بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، ایگزیکٹو کی 918، منسٹریل سٹاف کی 195 خالی سیٹوں پر بھرتیاں کی جائیں گی، بھرتیوں کا اشتہار بھی جاری کیا گیا ہے، اسلام آباد پولیس میں 118 اے ایس آئیز، 800 کانسٹیبل بھرتی کیے جائیں گے، 19 اسسٹنٹ، 22 سٹینو گرافرز، ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی پانچ سیٹوں پر بھرتی کی جائے گی، اپر ڈویژن کلرک کی 16، لوئر ڈویژن کلرک کی 23، نائب قاصد کی 18 سیٹوں پر بھرتیاں ہوں گی، درجہ چہارم کی 92 سیٹوں پر بھرتی کی جائے گی۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ تمام بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں گی، بھرتی کے خواہشمند اپنی بھرپور تیاری کے ساتھ درخواستیں فی الفور جمع کروائیں، پاکستان بھر سے مطلوبہ اہلیت پر پورا اترنے والے جوان، لڑکیاں، خواجہ سرا بھرتی کے لیے درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں، بھرتی کے خواہشمند افراد اشتہار جاری ہونے سے 15 دنوں کے اندر اپنی درخواستیں آن لائن جمع کروائیں گے۔



