اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سوچ جمہوری نہیں آمرانہ ہے ، اپوزیشن کو پھانسی لگانے کے مطالبے پر بانی پی ٹی آئی اورسٹیبلشمنٹ کی لڑائی ہوگئی، پی ٹی آئی حکومت میں آئی تو وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے انہیں ساتھ چلنے کی پیشکش کی تھی جس پر عمران خان نے کہا کہ وہ سب کو جیل میں ڈال دیں گے۔پیرس میں پاکستانی کمیونٹی کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنماءن لیگ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئینی تھی، بانی پی ٹی آئی مقابلے کی بجائے استعفے دے کر دوڑ کر چلے گئے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سٹیبلشمنٹ کے راج دلارے تھے لیکن جب اپوزیشن کو پھانسی لگانے کا مطالبہ کیا توپھر لڑائی ہوگئی کیوں کہ سٹیبلشمنٹ اس حد تک نہیں جانا چاہتی تھی۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ڈیجیٹل دہشتگردی سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت کیخلاف کسی بھی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنا جائے ۔بیرون ملک پاکستانیوں پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کیخلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں ۔وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ خان جو پیرس 2024 اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے پیرس میں ہیں انہوں نے آج یونیسکو کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ’چینج دی گیم‘ وزارتی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے ’پائیدار سماجی وراثت کیلئے معیاری جسمانی تعلیم اور کھیل سے فائدہ اٹھانے‘ پر مرکوز بحث میں حصہ لیا۔انہوں نے 2024 کے پیرس اولمپک کھیلوں کے سلسلے میں اس اعلیٰ سطحی فورم کے انعقاد کیلئے یونیسکو کی تعریف کی۔واضح رہے کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ خان دو روز قبل فرانس روانہ ہوئے تھے بتایا گیا تھا کہ وفاقی وزیر پیرس میں اولمپک گیمز کامن ویلتھ کے منسٹرز اجلاس میں شرکت کریں گے۔وزیر اعظم کے مشیر یورپ اور یوکے میں مسلم لیگ( ن) کی مقامی تنظیموں کی طرف سے بلائے گئے اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔ رانا ثنا اللہ ملک میں جاری سیاسی سرگرمیوں اور پارٹی پالیسی پر پارٹی عہدیداران اور کارکنان کو اعتماد میں لیں گے۔
عمران خان کی سوچ جمہوری نہیں آمرانہ ہے ، رانا ثناء اللہ



