اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے آئندہ چند روز میں اعلی سطح کا مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے اجلاس میں پارٹی کی مرکزی اورصوبائی قیادت شریکِ ہوگی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بیرون ملک سے ویڈیو لنک پر اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعت ن لیگ کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے رائے لی جائے گی اور پیپلز پارٹی رہنماوں کی رائے سے پابندی کی حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گی۔ ذرائع نے بتایا پیپلز پارٹی کے متعدد رہنما پی ٹی آئی پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں۔واضح رہے کہ ایک روز قبل پی ٹی آئی پر پابندی اور سابق صدر و وزیراعظم اور ڈپٹی اسپیکر پر آرٹیکل 6 لاگو کرنے کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کی ایوان صدر میں اہم بیٹھک ہوئی تھی جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان پی ٹی آئی سے متعلق تمام فیصلے اتفاق رائے سے کرنے اور بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا، پیپلز پارٹی نے معاملہ اپنی سی ای سی میں رکھنے کا عندیہ دیا تھا۔
پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ، پیپلزپارٹی کا مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ



