اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین سے تعاون کے معاہدوں پر مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا، چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنے دورہ چین میں ہو نے والے معاہدوں پر پیشرفت اور پاک چین تعاون پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وزیراعظم کو مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کا کہناتھا کہ کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، چینی اعلی قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کیلئے پر عزم ہے، پاکستان میں چینی صنعت کی منتقلی سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔ روزگار کے نئے مواقع اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ چین سے تعاون کے معاہدوں پر مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔علاوہ ازیں اجلاس میں وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا، وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے مکمل کیا جائیگا۔شہباز شریف کو بتایا گیا کہ چین میں 1 ہزارطلبا کو سرکاری خرچ پر تربیت کیلئے بھیجنے کیلئے لائحہ عمل مکمل ہو چکا ہے، رواں تعلیمی سال کے آغاز پر طلبا کی پہلی کھیپ چین بھیجی جارہی ہے، آئندہ کھیپ پاکستان میں چینی زبان سیکھنے کے بعد چینی زرعی یونیورسٹیوں میں بھیجی جائے گی جس کی منصوبہ بندی ہوچکی۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ درآمدی کوئلے پر چلنے والے بجلی گھروں کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کے حوالے لائحہ عمل بھی حتمی مراحل میں ہے، پاکستان میں کاروباری و سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے جلد بیجنگ میں چین کے تعاون سے ایک روڈ شو منعقد کیا جارہا ہے۔پاکستان میں چینی صنعتوں کی منتقلی کیلئے اجلاس کو ایک جامع روڈ میپ پیش کیا گیا۔بریفنگ میں کہا گیا کہ چینی ٹیکسٹائل، طبی و جراحی کے آلات، پلاسٹک اور چمڑے کی صنعتوں کو پاکستان میں منتقل کرنے کیلئے چینی کمپنیوں کے ساتھ اشترک کیا جائے گا، 78 پاکستانی کمپنیوں نے ابتدائی طور پر چینی صنعتوں کی پاکستان میں منتقلی کیلئے اشتراک میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔سرمایہ کاری بورڈ نے اس حوالے سے پیش رفت اور لائحہ عمل پر جامع رپورٹ پیش کی۔وزیراعظم نے سرمایہ کاری بورڈ کے اس حوالے سے اقدامات اورسفارشات کی تعریف کی، شہباز شریف نے پاکستانی کمپنیوں کو چینی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا جام کمال خان،عبدالعلیم خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزرا احسن اقبال، خواجہ آصف اور رانا تنویر حسین نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
چین سے تعاون کے معاہدوں پر عملدرآمد میں تعطل برداشت نہیں کیا جائیگا، وزیراعظم



