اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے حکومتی اداروں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کے نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستند سرکاری اعداد و شمار تک موثر رسائی، ادارہ جاتی رابطوں کے فروغ اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے لیے ضروری ہے کہ ڈیٹا کے مختلف ذرائع کو مربوط کیا جائے ۔محفوظ ڈیٹا شیئرنگ بہتر منصوبہ بندی اور باخبر پالیسی سازی کے لیے ناگزیر ہے۔
پاکستان بیورو آف شماریات کے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل سینٹر فار سائبر کنیکٹیویٹی (این تھری سی)میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پی بی ایس کے پاس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹیئر تھری معیار کا ڈیٹا سینٹر موجود ہے جہاں عالمی معیارات کے مطابق سرکاری ڈیٹا کو محفوظ انداز میں ذخیرہ کیا جا سکتا ہے ۔احسن اقبال نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ باقاعدہ رابطوں اور اشتراک عمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معلومات کا تبادلہ متعلقہ قانونی اور پالیسی فریم ورک کے تحت ہونا چاہیے۔



