واشنگٹن(نیشنل ٹائمز)امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں دو الگ الگ سکیورٹی واقعات کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائشگاہ وائٹ ہاؤس کو عارضی طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ ایک گاڑی سڑک سے فٹ پاتھ پر چڑھتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے سامنے واقع پارک میں ایک معلوماتی بورڈ سے جا ٹکرائی، جبکہ اسی دوران ایک دوسرے شخص نے سکیورٹی رکاوٹ پھلانگنے کی کوشش کی۔ دونوں افراد کو سیکرٹ سروس نے گرفتار کر لیا۔ واقعات کے وقت صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے اندر موجود تھے۔
نیویارک پوسٹ اور خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گاڑی پیر کی صبح تقریباً دس بجے لافائیٹ پارک کے قریب فٹ پاتھ پر چڑھی اور ایک سائن بورڈ سے ٹکرا ئی۔ گاڑی کا ڈرائیور باہر نکلا تو سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ اس کی ہاتھا پائی ہوئی، جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔ دوسری جانب ایک اور شخص نے پارک کے شمال مغربی حصے میں حفاظتی رکاوٹ عبور کی، جسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔واقعے کے بعد سیکرٹ سروس نے وائٹ ہاؤس میں موجود صحافیوں کو عمارت کے اندر رہنے کی ہدایت کی اور اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئیں۔ تقریباً 20 منٹ بعد پابندیاں اٹھا لی گئیں۔



