بیجنگ (شِنہوا) چین کے اعلیٰ سیاسی مشیر وانگ ہو ننگ نے چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس (سی پی پی سی سی) کے اراکین پر زور دیا ہے کہ وہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے پانچویں عمومی اجلاس کے رہنما اصولوں کا باریک بینی سے مطالعہ کریں اور ان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
بیجنگ میں 26 سے 29 اکتوبر تک منعقد ہونے والے اس عمومی اجلاس میں پارٹی کے مکمل اور سخت خود حکمرانی کے نظام کو برقرار رکھنے سے متعلق ایک قرارداد منظور کی گئی۔
ان خیالات کا اظہار سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور سی پی پی سی سی کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ ہو ننگ نے سی پی پی سی سی کی قومی کمیٹی کے قائمہ کمیٹی کے سیشن کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وانگ نے کہا کہ سی پی پی سی سی کو عمومی اجلاس کے رہنما اصولوں کا جامع مطالعہ اور ان پر عملدرآمد اپنی اہم سیاسی ذمہ داری بنانا چاہیے۔
وانگ نے مزید کہا کہ سی پی پی سی سی کو اپنے تمام امور میں اجلاس کے رہنما اصولوں پر مکمل عملدرآمد کرنا چاہیے، اپنے ارکان اور دیگر عملے کے نظم و ضبط کو سختی سے یقینی بنانا چاہیے، جبکہ ان کے طرز عمل میں بہتری اور نظم و ضبط کے نفاذ کی کوششوں کو بدعنوانی کے خلاف اقدامات کے ساتھ مربوط کرنا چاہیے۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی نے عمومی اجلاس میں فیصلہ کیا کہ پارٹی 2027 کی دوسری ششماہی میں بیجنگ میں اپنی 21 ویں قومی کانگریس کا انعقاد کرے گی۔
وانگ نے کہا کہ سی پی پی سی سی کو 2027 کے لئے اپنے کام میں اس کانگریس کے کامیاب انعقاد کی راہ ہموار کرنے اور اس کے رہنما اصولوں کا مطالعہ کرنے، انہیں فروغ دینے اور ان پر عملدرآمد پر توجہ دینی چاہیے۔
اجلاس میں تقرریوں اور دیگر انتظامی امور سے متعلق کئی فیصلے بھی منظور کئے گئے۔
چین کے اعلیٰ سیاسی مشیر کا سی پی سی کے عمومی اجلاس کے اصولوں کے مطالعے اور عملدرآمد پر زور



