تاریخ کی سب سے بڑی واردات :ہیکرز 17کھرب 42ارب 58کروڑ روپے کے مساوی رقم اڑالے گئے

لندن(نیشنل ٹائمز) دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایکسچینج کمپنی بائنانس پر تاریخ کا سب سے بڑا سائبر حملہ ہوا ، ہیکرز تقریباً 6 ارب 28 کروڑ 75 لاکھ امریکی ڈالرز(17کھرب 42ارب 58کروڑ روپے )  کے مساوی رقم اڑا لے گئے ۔کمپنی نے اپنے پلیٹ فارم پر تمام تر ڈیپازٹس اور رقم نکلوانے کے عمل کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔بی بی سی اور وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹس  کے مطابق ہیکرز نے بائنانس کے انٹرنیٹ سے منسلک ہاٹ والٹس کو نشانہ بنا کر محض 15 منٹ کے اندر 8 مختلف بلاک چین نیٹ ورکس کے ذریعے اربوں ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے منتقل کئے ۔بلاک چین تجزیاتی کمپنیوں نے چوری ہونے والی رقم کا تخمینہ 5.91 ارب ڈالر(تقریباً 16 کھرب 38 ارب 46 کروڑ روپے )جبکہ ٹی آر ایم لیبز نے 6 ارب ڈالر سے زائد(16 کھرب 62 ارب 90 کروڑ روپے )سے زائد کا نقصان قرار دیتے ہوئے اسے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی بینک ڈکیتی قرار دیا ہے ۔بائنانس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر کمپنی کے ایک انجینئر کا لیپ ٹاپ ہیک ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں حملہ آور کو غیر مجاز طور پر رقوم منتقل کرنے کا موقع ملا۔دو کرپٹو تجزیاتی اداروں نے اس حملے کا تعلق شمالی کوریا کے ہیکنگ گروپ ٹریڈر ٹریٹر سے جوڑا ہے ،یہ حملہ فروری 2025 میں بائی بٹ ایکسچینج سے ہونے والی 1.5 ارب ڈالر(4 کھرب 15 ارب 72 کروڑ 50 لاکھ روپے )کی چوری سے چار گنا بڑا ہے ، مصنوعی ذہانت پر مبنی تحقیقاتی کمپنی ٹی آر ایم لیبز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بائنانس پر حملے کی کئی خصوصیات ماضی کے شمالی کوریا سے منسلک سائبر حملوں، بشمول بائی بٹ ہیک سے مشابہت رکھتی ہیں۔

سٹیبل کوائن جاری کرنے والی بڑی کمپنی ٹیدر نے ہیکر کے ایڈریس پر موجود 1.56 ارب ڈالر(4 کھرب 32 ارب 35 کروڑ 40 لاکھ روپے )اور سرکل نے 800 ملین ڈالر(2 کھرب 21 ارب 72 کروڑ روپے )کو فوری منجمد کر دیا، اب تک 3 ارب ڈالر (8 کھرب 31 ارب 45 کروڑ روپے )کے چوری شدہ اثاثے کامیابی سے فریز کیے جا چکے ہیں ۔اس سکیورٹی نقب زنی کے بعد بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ اور کمپنی کی شریک بانی یی ہی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صارفین کو یقین دہانی کرائی کہ تمام صارفین کے فنڈز مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ہیکنگ کے نتیجے میں ہونے والے تمام نقصانات کو بائنانس اپنے ہنگامی انشورنس فنڈ کے ذریعے خود پورا کریگی ۔ بائنانس نے بی بی سی کے ان سوالات کا براہ راست جواب نہیں دیا جن میں حملے کے شمالی کوریا سے ممکنہ تعلق کے بارے میں پوچھا گیا تھا، تاہم کمپنی نے کہا ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں تاکہ ان مجرموں کی شناخت کی تصدیق کی جا سکے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے ۔

تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تفصیلی رپورٹ جاری کر ینگے ۔ تازہ معلومات کیلئے صرف بائنانس کے سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔واضح رہے کہ بائنانس روزانہ لین دین کے حجم کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا کرپٹو کرنسی ایکسچینج ہے ۔اس واقعہ کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں تقریباً پانچ فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ ایتھیریم اور سولانا سمیت دیگر بڑی کرپٹو کرنسیوں کی قیمتیں بھی نمایاں طور پر گر گئیں۔



  تازہ ترین   
واشنگٹن کے لہجے میں مکمل تبدیلی واضح ہے، جو ایک مثبت اشارہ ہے: محسن رضائی
افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی قابلِ تشویش، پاکستان کی حمایت کرتے ہیں: مارکو روبیو
دشمن نے دوبارہ حملہ کیا تو جواب کے اختتام کا وقت ایران خود طے کرے گا: مجتبیٰ خامنہ ای
اسرائیل میں نیتن یاہو کی حکومت ختم کرنے کے مطالبات زور پکڑنے لگے
افغان سرزمین سے پاکستان کیخلاف دہشتگردی تعلقات میں رکاوٹ ہے: وزارت اطلاعات
پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیکر ٹرائی نیشن سیریز جیت لی
ایرانی و قطری حکام کے دوحہ میں مذاکرات، خطے میں کشیدگی کم کرنے کے امکانات پر گفتگو
گورنر راج اور ایمرجنسی نہ لگاتے تو خیبرپختونخوا کو دہشت گردی سے مزید نقصان ہوتا: وزیراعظم





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر