لاہور(نیشنل ٹائمز)لاہورسمیت مختلف شہروں میں ایل پی جی کی قیمت 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ، ایرانی سرحد نہ کھلنے سے بحران مزید شدید ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا جبکہ وزیرپٹرولیم کاکہناہے کہ ایل پی جی کی قیمت 400 سے 425 روپے فی کلو کے درمیان ہونی چاہیے ۔اوگرا نے رواں ماہ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے 34 پیسے فی کلو مقرر کی ہے تاہم لاہور میں یہ گیس 550 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے جبکہ متعلقہ ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی مہنگی ہونے سے سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہو رہا ہے ۔ دوسری طرف وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے توانائی کی قیمتوں سے متعلق غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں، اللہ فیلڈ مارشل اور وزیرداخلہ کی کاوشوں میں کامیابی عطا کرے وہاں سے ہی مستقل حل نکلے گا، ایل پی جی کی قیمت 400 سے 425 روپے فی کلو کے درمیان ہونی چاہیے ۔
ایل پی جی600روپے فی کلو تک فروخت،بحران بڑھنے کا خدشہ:قیمت425تک ہونی چاہئے:وزیر پٹرولیم



