بیجنگ (شِنہوا) چین نے تجارت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کو فروغ دینے کے لئے نئی رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ اقدام کھپت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کمرشل ڈسٹری بیوشن کے نظام کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
وزارت تجارت سمیت 9 حکومتی محکموں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کردہ ان رہنما ہدایات میں 18 اقدامات شامل ہیں جن کا تعلق اشیائے ضروریہ کی کھپت، خدمات کے استعمال، کمرشل ڈسٹری بیوشن، کاروبار میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پالیسی معاونت سے ہے۔
اشیائے صرف کو جدید بنانے کے لئے رہنما ہدایات میں مصنوعات کی تیاری، ڈیزائن، مینوفیکچرنگ اور مارکیٹنگ میں مصنوعی ذہانت کو شامل کرنے، سمارٹ آلات اور روبوٹس کی فراہمی بڑھانے، لچکدار پیداوار کو فروغ دینے اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے صارفین کی ضروریات کے مطابق مصنوعات تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
خدمات کے شعبے میں ان رہنما ہدایات کے تحت صحت کی دیکھ بھال اور بزرگوں کے لئے سمارٹ نگہداشت کی خدمات میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، کھانے پینے کے کاروبار کو ڈیجیٹل بنانے اور ثقافت و سیاحت کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے آزمائشی استعمال کی حمایت کی گئی ہے۔
کمرشل ڈسٹری بیوشن کے شعبے میں اقدامات میں سمارٹ گوداموں، ذہین لاجسٹکس آلات اور بغیر ڈرائیور کے ترسیلی نظام کو فروغ دینا شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تھوک اور پرچون کے کاروبار کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ان رہنما اصولوں میں خریداری میں معاونت، کاروباری امور اور لاجسٹکس کے لئے تجارتی اے آئی ایجنٹس تیار کرنے، مجسم ذہانت کے استعمال کو وسعت دینے اور خریداری کے ورچوئل تجربات متعارف کرانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکنالوجی کے معیارات، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے اور مالی معاونت کی فراہمی کے لئے اقدامات بھی تجویز کئے گئے ہیں۔
چین کا تجارت کے شعبے میں ٹیکنالوجی پر مبنی جدت کو فروغ دینے کے لئے نئے اقدامات کا اعلان



