کوئٹہ،اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک کردئیے، پاک فوج کی کامیاب کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔ہلاک دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا، خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کیخلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں۔
بلوچستان کے علاقے گورندر، ماشکیل میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ماشکیل میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے ۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر قوم کو ناز ہے ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، قوم کی حمایت سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔



