سرمایہ کاری کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر:وزیراعظم

اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں۔ حکومت کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے اور غیر ضروری ضابطہ کاری کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں اصلاحات کے ذریعے اسے جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے ، اسی طرز پر دیگر ریگولیٹری اداروں میں بھی اصلاحات لائی جائیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریگولیٹری رجسٹری تشکیل دی جائے تاکہ ملک میں موجود تمام ریگولیٹری تقاضوں اور قواعد و ضوابط کو ایک جامع نظام کے تحت مرتب کیا جا سکے ۔وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے لیے آسان کاروبار ایکٹ کو ملک بھر میں نافذ کیا جائے تاکہ تمام صوبوں میں ریگولیٹری نظام میں ہم آہنگی پیدا ہو اور کاروباری افراد کو یکساں سہولیات میسر آئیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریگولیٹری اصلاحات کے اثرات اور افادیت کا جائزہ لینے کے لیے ان اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کرائی جائے تاکہ اصلاحات کے عملی نتائج کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جا سکے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے ۔ سرمایہ کاروں کو سازگار اور سہل کاروباری ماحول فراہم کیے بغیر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کو پنجاب حکومت کی E-BIZ کی طرز پر جدید بنایا جا رہا ہے ۔ ایکسپورٹ پالیسی آرڈر اور امپورٹ پالیسی آرڈر کو سہل بنایا جارہا ہے ۔ایس آئی ایف سی ریگولیٹری ریفارمز کے حوالے سے تمام صوبوں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، سے رابطے میں ہے ۔ کابینہ کی ریگولیٹری ریفارمز کمیٹی نے 7 ملٹی سیکٹرز میں 557 ریفارمز کی منظوری دی ہے جس سے سالانہ 460 ارب روپے کی بچت متوقع ہے ۔ دریں اثنا شہبازشریف سے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملاقات کی۔ حنیف عباسی نے وزیراعظم کو وزارت ریلوے سے متعلقہ امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے ٹرین کے سفر میں عوام کی سہولت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیئے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی خصوصی ہدایات دیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ریلوے ٹریکس کی بروقت مرمت و دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ریلوے فریٹ سروس کو مزید فعال کرنا ناگزیر ہے ۔ملاقات میں دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر دلی تعزیت اور گہرے افسوس کا اظہار کیا۔



  تازہ ترین   
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب، مشترکہ اعلامیہ تیار
پاکستانی شہریوں کے قتل پر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، باضابطہ احتجاج
گورنر راج یا ایمرجنسی سے پہلے سیاسی جماعتوں کو راستہ تلاش کرنا چاہیے: بلاول بھٹو
خیبر پختونخوا حکومت نے لانگ مارچ کے ذریعے بدامنی کا منصوبہ بنا لیا: خواجہ آصف
سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے، چیزیں بہت بہتر ہو جائیں گی: محسن نقوی
حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات، آج دوبارہ دو بجے ملاقات ہوگی
اب تحمل کی پالیسی مزید برقرار نہیں رکھی جا سکتی، شہزادہ ترکی الفیصل
بلاول بھٹو کا حکومت اور اپوزیشن میں ملاقات کا خیر مقدم





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر