بیجنگ (شِنہوا) چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ نے بتایا ہے کہ چین کی طویل ترین زیر آب ہائی وے سرنگ میں شیلڈ مشین کے ذریعے کھدائی کا تمام کام جمعہ کو اس وقت مکمل ہوگیا جب شیلڈ مشین چین کے مشرقی صوبےشان ڈونگ کے جیاؤ ژو بے میں سطح سمندر سے 105 میٹر کی گہرائی میں اپنی مقررہ جگہ پر پہنچ گئی۔
چھنگ ڈاؤ جیاؤ ژو بے سیکنڈ ٹنل چھنگ ڈاؤ کے مرکزی شہری علاقے کو چھنگ ڈاؤ ویسٹ کوسٹ نیو ایریا سے منسلک کرے گی۔ ویسٹ کوسٹ نیو ایریا قومی سطح کا نیا علاقہ ہے۔ 17.48 کلومیٹر طویل اس منصوبے میں 14.37 کلومیٹر طویل مرکزی سرنگ کا حصہ شامل ہے، جس میں دو مرکزی سرنگیں اور درمیان میں ایک سروس سرنگ ہوگی۔ دونوں سمتوں میں تین، تین لین ہوں گی اور ڈیزائن رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔
چائنہ ریلوے 14ویں بیورو گروپ کارپوریشن لمیٹڈ کے وانگ جون پھنگ کے مطابق منصوبے میں ڈرل اینڈ بلاسٹ اور شیلڈ ٹنلنگ کے طریقوں کو یکجا کیا گیا۔ جیاؤ ژو بے کے مشرقی اور مغربی ساحلوں سے بیک وقت تعمیر آگے بڑھائی گئی اور دونوں حصے سمندر کے نیچے آپس میں مل گئے۔
مرکزی شیلڈ سرنگ کی زیادہ سے زیادہ گہرائی سطح سمندر سے 95 میٹر جبکہ سروس سرنگ کی گہرائی 105 میٹر ہے، جس کے باعث پانی کا دباؤ بہت زیادہ ہے اور سرنگ کی مضبوط سیلنگ اور واٹر پروفنگ کے لئے سخت اقدامات درکار ہیں۔
وانگ نے بتایا کہ ٹیم نے پہلی بار ملبہ نکالنے کا ایک نیا نظام استعمال کیا، جس میں سکریو کنویئر، چٹان توڑنے والا باکس اور راک کرشر شامل ہیں۔ اس نظام سے کارکردگی بہتر بنانے اور رکاوٹوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شیلڈ مشین کے ڈھانچے کے لئے جدید اینٹی وائبریشن ٹیکنالوجی بھی تیار کی گئی، جس سے اس کا استحکام بہتر ہوا۔
تکمیل کے بعد نئی سرنگ موجودہ جیاؤ ژو بے ٹنل، جیاؤ ژو بے پل اور جیاؤ ژو بے ہائی وے کے ساتھ مل کر چھنگ ڈاؤ میں خلیج کے آرپار کثیر سطح کا ٹرانسپورٹ نیٹ ورک تشکیل دینے میں مدد دے گی۔
وزارت ٹرانسپورٹ نے رواں سال جولائی میں اعلان کیا تھا کہ چین نے 15ویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) کے دوران مربوط ٹرانسپورٹ خدمات کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو جامع طور پر آگے بڑھانے کا منصوبہ جاری کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد 2030 تک بڑی حد تک جدید مربوط ٹرانسپورٹ خدمات کا نظام قائم کرنا ہے۔
چین میں طویل ترین زیر آب ہائی وے سرنگ کی تعمیر کا اہم مرحلہ مکمل



