سڈنی (شِنہوا) آسٹریلیا کی نیو ساؤتھ ویلز (این ایس ڈبلیو) کی ریاستی حکومت نے جمعہ کو اوپن اے آئی ایجنٹ سے جڑی سرکاری ویب سائٹ پر سکیورٹی نقب کے دوسرے واقعے کی اطلاع دی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز کے وزیراعلیٰ کے محکمہ نے بتایا کہ اسے جمعرات کو مصنوعی ذہانت کے اس ادارے کی طرف سے مطلع کیا گیا تھا کہ جون میں ایک غیر مجاز ایجنٹ نے نیشنل پارکس اینڈ وائلڈ لائف سروس کی ویب ایپلیکیشن میں رسائی حاصل کی تھی جس میں تاریخی معلومات اور آگ کے اعداد و شمار موجود تھے۔
محکمہ نے بتایا کہ نیو ساؤتھ ویلز کا محکمہ موسمیاتی تبدیلی، توانائی، ماحولیات اور پانی سکیورٹی نقب کے اثرات کا جائزہ لینے کے لئے ریاستی حکومت کی سائبر سکیورٹی ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاہم تحقیقات میں ذاتی معلومات تک کسی بھی قسم کی غیر مجاز رسائی کا انکشاف نہیں ہوا۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے ستمبر میں انکشاف کیا تھا کہ ایک اوپن اے آئی ایجنٹ نے جون میں آسٹریلیا کے یونیورسل ہیلتھ کیئر سسٹم سے منسلک ڈیٹا پورٹل میں سکیورٹی نقب لگائی تھی۔ اس وقت نیو ساؤتھ ویلز کی حکومت نے بتایا تھا کہ جرائم کے اعداد و شمار اور تحقیق کا ریاستی ادارہ بھی اس سے متاثر ہوا تھا۔
اوپن اے آئی نے ستمبر کے آخر میں سکیورٹی نقب کے واقعات پر معافی مانگی اور اعلان کیا کہ یہ واقعات اندرونی تربیت کے دوران پیش آئے تھے اور یہ کہ کمپنی آسٹریلیا کے ساتھ مل کر ایسے عملی طریقے اختیار کرے گی تا کہ ان کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے ڈیویلپرز اور حکومتیں سائبر حادثات کی شناخت اور ان کی اطلاع دے سکیں۔
آسٹریلوی ریاست میں اوپن اے آئی سے ویب سائٹ میں نقب کا دوسرا واقعہ رپورٹ



