دبئی،تل ابیب،واشنگٹن(نیشنل ٹائمز)متحدہ عرب امارات کے چیف پراسیکیوٹر نے بدھ کو اسرائیل جانے والی فلائی دبئی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ تحقیقات میں واقعے کا جائزہ لینے کے ساتھ یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ آیا واقعے کا تعلق کسی دہشتگرد سرگرمی یا مبینہ دہشتگردانہ ارادے سے تھا۔ گزشتہ روز پرواز میں پیش آنے والے واقعے کے دوران معاون پائلٹ نے مبینہ طور پر پائلٹ پر چاقو سے حملہ کیااور طیارے کو گرانے کی کوشش کی تھی۔ واقعے کے بعد طیارے نے سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے فلائی دبئی طیارے کے شریک پائلٹ کو قابو کرکے ممکنہ حادثہ روکنے والے پانچ اسرائیلی مسافروں کو ‘‘صدارتی شہری بہادری ایوارڈ’’ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ٹرمپ نے پرواز میں پیش آنے والے واقعے پر نیتن یاہو سے تفصیلی گفتگو کی ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ معاون پائلٹ ممکنہ طور پر دہشتگرد یا ذہنی طور پر غیر متوازن شخص ہوسکتا ہے ۔
حملے میں ایران کے ملوث ہونے کا امکان ہے ، ذمہ داری ثابت ہوئی تو ایران کو بہت سخت جواب دیا جائے گا۔ نیتن یاہو نے کہا ہے کہ معاون پائلٹ، عمانی شہری ہے ، اور اس سے تفتیش جاری ہے ۔ نیتن یاہو کے مطابق یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا کہ واقعے میں ایران کا کوئی کردار تھا یا نہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پرواز میں پیش آنے والے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اماراتی پرواز کے واقعے کے بعد نیتن یاہو کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ۔نیتن یاہو نے بدھ کی شام محمد بن زاید سے گفتگو کی۔ بھارتی پائلٹ سمیت مچھر کو طیارے کو حادثے سے بچانے پر ہیرو قرار دیا جا رہا ہے ۔ ممبئی میں پائلٹ کے والدین کے پڑوسیوں نے اس کی بہادری پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے ہی مشکل حالات میں پرسکون رہنے والا اور دوسروں کی مدد کرنے والا شخص ہے ۔ بھارتی وزیراعظم مودی نے بھی سمیت مچھر کو ہیرو قرار دیتے ہوئے اس کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں کپتان پر مبینہ حملے کے بعد گرفتار معاون پائلٹ کو سعودی عرب سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے ۔



