ماسرو (شِنہوا) لیسوتھو میں چینی سفارتخانے نے دارالحکومت ماسرو میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ منائی گئی۔
لیسوتھو میں چین کے سفیر یانگ شیاؤ کن نے کہا کہ گزشتہ 77 برسوں کے دوران کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی قیادت میں چین نے نمایاں ترقی کی ہے اور وہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن چکا ہے۔
یانگ نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے مافےتینگ شمسی بجلی گھر کے دوسرے مرحلے کے آغاز اور لیسوتھو کی چین کو اون برآمد کرنے سے متعلق معاہدے پر دستخط کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی تعلقات رکھنے والے افریقی ممالک کے لئے چین کی زیرو ٹیرف پالیسی لیسوتھو کے لئے نئے مواقع پیدا کرے گی۔
یانگ نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس پالیسی سے لیسوتھو کے کسانوں، کاروباری اداروں اور کارکنوں کو عملی فائدہ پہنچے گا اور لیسوتھو کی مزید معیاری مصنوعات چینی منڈی تک پہنچ سکیں گی۔
دوسری جانب لیسوتھو کے قائم مقام وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعلقات رچرڈ راموئے لیٹسی نے اس موقع پر چینی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 1994 میں سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل مضبوط ہوئے ہیں۔
راموے لیٹسی نے لیسوتھو کی اقتصادی ترقی اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں چین کے کردار کو سراہتے ہوئے بنیادی شہری سہولتوں، صحت، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو اجاگر کیا۔
انہوں نے رواں سال کے آغاز میں قائم کئے گئے دوطرفہ تعاون کے طریقہ کار کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے اعلیٰ سطح پر کئے گئے وعدوں کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔
استقبالیے میں لیسوتھو کے سرکاری حکام، سفارت کاروں، چینی کاروباری اداروں اور چینی برادری کے نمائندوں سمیت تقریباً 300 افراد نے شرکت کی۔
لیسوتھو میں چینی سفارتخانے کے زیراہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کا انعقاد



