اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا فلسطین کی آزادی کیلئے مسلم ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اردن میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، مسجد اقصیٰ میں انتہاپسند اسرائیلیوں کی دراندازی کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقدس مقامات پر اسرائیل کے قبضے کے مذموم مقاصد ناقابل قبول ہیں، فلسطین کی آزادی کیلئے عرب اور مسلم ملکوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں انسانی صورتحال انتہائی ابترہوتی جارہی ہے، عوام کو خوراک اور پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اسحاق ڈار نے فلسطینی کاز کیلئے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کا واحد راستہ ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل آر فور گروپ کے وزرائے خارجہ نے خطے کی صورت حال کے حوالے سے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشیدگی میں مزید اضافہ روکنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ناگزیر ہے۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر اردن اور عراق کے نائب وزرائے اعظم ، مصر ،ترکیہ ،الجیریا اورصومالیہ کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ اہم ملاقاتیں بھی کیں۔مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی ،ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حکان فیدان،الجیریا کے وزیرِ خارجہ احمد عطاف ،صومالیہ کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون عبدالسلام عبدی علی کے ساتھ بھی خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



