کراچی(نیشنل ٹائمز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی کے خلاف اور پٹرول قیمتیں کم کرنے کے لیے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت پیر کو شاہراہ قائدین پر کراچی کی خواتین کا زبردست احتجاجی مارچ کیا گیا،امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مارچ میں شریک ہزاروں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ قائدین پر تاحد نگاہ شریک ہونے والی خواتین نے 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کی ہے ۔پورے ملک کے عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت پٹرولیم لیوی کا خاتمہ کرکے پٹرول سستا کرے ، آئی پی پیز مافیا سے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں۔ اگر تمام آئی پی پیز کا فارنزک آڈٹ کیا جائے تو آصف علی زرداری اور نواز شریف سمیت حکمران ٹولہ بے نقاب ہو جائے گا۔ مارچ میں شریک خواتین نے ثابت کردیا ہے کہ فارم 47 کو ہٹانے کا وقت آگیا ہے ۔ پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس، آئی پی پیز مافیا، گندم مافیا سمیت دیگر مافیا کے خلاف 7 اگست کو پورے پاکستان میں سڑکوں پر زبردست احتجاج ہوگا۔ 7 اگست کو سڑکوں پر ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ کراچی سے چترال تک اہم شاہراہوں کو بند کیا جائے گا صرف ایمبولینس کو راستہ دیا جائے گا۔ ریاست فوج کا نام نہیں عوام کا نام ہے ۔ یہ ریاست ہماری ریاست ہے جو عوام نے بنائی تھی کسی اور نے نہیں۔
نام نہاد سیاستدانوں اور اسٹبلشمنٹ کی چاپلوسی کرنے والوں کے اتحاد نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے ۔ محسن نقوی کی زبانی نااہل حکمرانوں نے پاکستان نہ چلاسکنے کا اعتراف کر لیا ہے ۔ ملک چلانے کے لیے ہمارا واضح اور دو ٹوک موقف ہے کہ جو جیتا ہے اسے جیتنے دیا جائے ، اپنے لاڈلوں کو فارم 47 کے ذریعے قوم پر مسلط نہ کیا جائے ۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حمیرا طارق کی زیر قیادت مارچ کا آغاز کیا گیا۔احتجاجی مارچ سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان،حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید، صوبہ سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب، کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے ادا کیے ۔ مارچ میں خواتین نے بینرز و پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔
جن پر پٹرول کی قیمت کم کرو، پٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرو، لیوی جبری ٹیکس نامنظور، ظلم کا پہیہ جام کرو، مہنگائی نے عوام کے خواب بھی مہنگے کردیے ، پٹرول مہنگا تعلیم مشکل،حکمرانوں اپنی شاہ خرچیاں ختم کرو کے نعرے درج تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پٹرولیم لیوی عوام کے لیے مصیبت بن چکی ہے ۔ اسمبلی میں بیٹھے لوگ آپس میں نورا کشتی کرتے ہیں اور اپنی تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو تقسیم کردیا ہے اور خود عیاشیاں کررہے ہیں۔ عوام پر مسلط حکمران طبقے سے اب جان چھڑانا ہوگی۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو عوام کے حق جدوجہد تیز اور تحریک کو آگے بڑھانے کے لیے بھر پور طریقے سے استعمال کیا جائے ۔ منعم ظفر نے کہا کہ کراچی کے ہر علاقے سے آنے والی مائیں بہنیں خراج تحسین کی مستحق ہیں جو حکمرانو ں کے ظلم کے خلاف شاہراہ قائدین پر جمع ہیں۔جماعت اسلامی نے لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف پورے پاکستان میں تحریک کا آغاز کیا ہے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں 5 اگست کو کراچی میں نوجوانوں کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ 6 اگست کو شہر بھر کے اہم پبلک مقامات پر کیمپس لگائے جائیں گے ۔ 7 اگست کو مزار قائد پر انسانوں کا سمندر اُمڈ آئے گا۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ پٹرول قیمتوں میں اضافے کا اثر براہ راست عام آدمی پر پڑتا ہے اور ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے ، جماعت اسلامی کی عوامی تحریک پاکستان کے عوام کے جینے کی تحریک ہے ، جس قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں جاگ چکی ہوں اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ ثمینہ سعید نے کہا کہ فارم 47 والوں کو گھر جانا ہوگا، پٹرول لیوی بھتہ ٹیکس عوام کا معاشی قتل ہے ۔ رخشندہ منیب نے کہا کہ آج کی خواتین نے سڑکوں پر نکل کر ثابت کیا ہے کہ وہ ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہیں گی۔ جاوداں فہیم نے کہا کہ حکومت کو ظالمانہ لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنا ہوگا۔ احتجاجی مارچ کے ذریعے خواتین کامطالبہ ہے کہ حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم ،پٹرول کی قیمت 225روپے فی لٹر مقرر کریں۔



