پشاور،کرک (نیشنل ٹائمز)بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ اب کسی نے گولیاں کھانی ہیں نہ ہی کسی نے مارنی ہیں ، شہادتیں عوام اور سپاہیوں دونوں کی ہو رہی ہیں، اس لیے تصادم کے بجائے اتحاد اور امن کی ضرورت ہے ،ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور امن و امان کے چیلنجز سے نکالنے کیلئے عمران خان کی رہائی ناگزیر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوہاٹ اور کرک شہر میں سٹریٹ موومنٹ کے سلسلہ میں پارٹی کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب میں کیا۔ علیمہ خان نے کہا کہ ریاست صرف اداروں کو نہیں کہا جا سکتا کیونکہ ادارے عوام کے ٹیکس سے چلتے ہیں،ریاست 24 کروڑ عوام ہیں ، عوام کو غدار یا دہشت گرد قرار دینا مناسب طرزِ عمل نہیں، کارکن اللہ پر مضبوط ایمان رکھیں اور متحد رہیں ، اتحاد ہی کامیابی کی ضمانت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ عمران خان کو بلڈ پریشر کا مسئلہ ہے ، ان کا فوری ہسپتال میں مکمل طبی معائنہ کرایا جائے اور مناسب علاج فراہم کیا جائے ، عدالتی احکامات کے مطابق ہر ہفتے 18 افراد کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے ،مقدمات جلد سماعت کیلئے مقرر کیے جائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور بدامنی کا خاتمہ عمران خان کی رہائی سے ممکن ہے ،اراکین پارلیمنٹ حکومت کو امن کے قیام کیلئے مقامی عمائدین اور متعلقہ فریقین کے درمیان مذاکرات کرانے پر آمادہ کریں بصورت دیگر حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔



