ہو ہوٹ (شِنہوا) چین کے شمالی اندرون منگولیا خود اختیار علاقے میں جنوری کے دوران ایک اسٹیل پلانٹ میں ہونے والے دھماکے کے سلسلے میں مجموعی طور پر 62 افراد کو جواب دہ قرار دیا گیا ہے۔ اس حادثے میں 10 افراد ہلاک اور 84 زخمی ہوئے تھے۔
علاقائی ہنگامی انتظام کے محکمے کی جانب سے اتوار کے روز جاری رپورٹ کے مطابق دھماکا 18 جنوری کو سہ پہر 3 بج کر1 منٹ پر باؤتو شہر میں باؤگانگ یونائیٹڈ اسٹیل کے پلیٹ پلانٹ میں پیش آیا۔
رپورٹ میں اس واقعے کو “کام کی جگہ پر حفاظتی ذمہ داری سے متعلق ایک بڑا حادثہ” قرار دیا گیا ہے۔ تحقیقات کے مطابق حادثے کی براہِ راست وجہ ایک کروی ٹینک میں طویل عرصے سے جاری زنگ اور دباؤ کے باعث پیدا ہونے والا نقصان تھا۔
اس نقصان کے نتیجے میں ٹینک کی دیوار پھٹ گئی جس سے مواد کا اخراج ہوا اور بعدازاں دھماکا پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق پلانٹ کے 7 ملازمین کو فوجداری جرائم کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید 6 افراد کے معاملات مزید تحقیقات کے لیے عدالتی حکام کو بھیجنے کی سفارش کی گئی ہے۔
حادثے میں ملوث 4 کمپنیوں کو انتظامی سزائیں دی گئی ہیں جبکہ شہری اور ضلعی سطح کے متعلقہ حکام اور اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اعلیٰ حکام کو تحریری خود احتسابی رپورٹس پیش کریں۔
چین میں اسٹیل پلانٹ دھماکے پر 62 افراد کے خلاف کارروائی



