اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے جیل ملاقاتوں کے کیس میں اسلام آبادانتظامیہ اور پنجاب حکومت کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کیلئے تین ہفتوں کی مہلت دے دی۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے استدعا کی کہ جامع رپورٹ جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے ۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا ہائیکورٹ کے متفقہ حکم کے خلاف اپیل دائر نہیں کی جا سکتی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے اب تک کتنی اور کب کب ملاقاتیں کرائی گئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ میڈیا سے گفتگو نہیں کی جائے گی، کیا جیل کے باہر میڈیا ٹاک کر کے اس کی خلاف ورزی نہیں ہوئی؟ عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں انسداددہشتگردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر رینجر اہلکاروں کو کچلنے کے کیس میں ملزم ہاشم عباسی کی میڈیکل بورڈ کی طلبی کیلئے دائر درخواست خارج کرتے ہوئے سماعت 27 جولائی تک ملتوی کردی۔فاضل عدالت میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف 9 مئی کے احتجاج کیس میں پراسیکیوشن کے مزید دو گواہوں پر جرح مکمل کر لی گئی، عدالت نے مزید گواہوں کو طلب کر کے سماعت 27 جولائی تک ملتوی کردی۔



