لندن (نیشنل ٹائمز) گرومنگ گینگ سے وابستہ اور جنسی جرائم میں سزا یافتہ شبیر احمد کی ملک بدری کے معاملے پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی تناؤ بڑھ گیا۔
برطانوی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر یوویٹ کوپر نے کہا کہ یہ معاملہ پاکستان کے ساتھ کئی مرتبہ اٹھایا جا چکا ہے اور مستقبل میں بھی زیرِ بحث لایا جاتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے دیگر کیسز بھی موجود ہیں۔
برطانوی وزیر نے عندیہ دیا کہ اگر پاکستان شبیر احمد کو قبول نہیں کرتا تو اسلام آباد کے خلاف ویزا پابندیوں سمیت دیگر اقدامات پر غور کیا جا سکتا ہے۔
ادھر پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ شبیر احمد کا معاملہ برطانیہ کا داخلی معاملہ ہے۔
یاد رہے کہ شبیر احمد کو 2012 میں جنسی جرائم کے مقدمے میں سزا سنائی گئی تھی اور وہ حال ہی میں اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد جیل سے رہا ہوا ہے۔



