لاہو(نیشنل ٹائمز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وسائل کے مؤثر استعمال، ریونیو میں اضافے اور دیہی معیشت کی مضبوطی کیلئے اہم فیصلے کرتے ہوئے پنجاب میں ایسٹ مینجمنٹ اتھارٹی آف پنجاب (AMAP)کے قیام کی منظوری دے دی جبکہ اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام کے تحت 30 ہزار بے زمین اور مستحق خاندانوں کو 20 سال کیلئے قابلِ کاشت سرکاری اراضی علامتی لیز پر دیدی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ ایسٹ مینجمنٹ اتھارٹی صوبے کے تمام سرکاری اثاثوں، اراضی اور وسائل کی نشاندہی، ریکارڈ، ویلیو ایشن، مینجمنٹ، لیز، فروخت، سرمایہ کاری اور مارکیٹنگ کے امور ایک ہی پلیٹ فارم سے انجام دے گی۔
اتھارٹی سرکاری اثاثوں کا جامع ڈیٹا بیس تیار کرے گی، ان کی مارکیٹ ویلیو کا تعین کرے گی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، لیز اور جوائنٹ وینچر کے ذریعے ریونیو میں اضافہ یقینی بنائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اتھارٹی کا 11 رکنی بورڈ چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں کام کرے گا جبکہ گریڈ 20 کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کی جائے گی۔ منصوبوں سے حاصل ہونے والی خالص آمدن کا 98 فیصد حصہ صوبائی خزانے میں جمع ہوگا جبکہ صرف 2 فیصد آپریشنل اخراجات اور ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ کیا جا سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اتھارٹی کے قیام کیلئے قانون جلد اسمبلی میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری اثاثوں کا مکمل ریکارڈ اور مؤثر انتظام ناگزیر ہے تاکہ قومی وسائل کا تحفظ، شفافیت اور بہتر ریونیو یقینی بنایا جا سکے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ نے اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام کے تحت ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے 30 ہزار بے زمین خاندانوں کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ قابلِ کاشت سرکاری اراضی 20 سال کیلئے صرف 100 روپے سالانہ فی ایکڑ علامتی لیز پر دینے کی منظوری دی۔ مستحق خاندانوں کو فی ایکڑ 50 ہزار روپے مالی معاونت اور زرعی تکنیکی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد غریب اور بے زمین خاندانوں کو باعزت روزگار، مالی خودمختاری اور مستقل ذریعہ معاش فراہم کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اراضی کی الاٹمنٹ مکمل طور پر میرٹ اور شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کی گئی ہے ، کسی سفارش یا سیاسی مداخلت کی گنجائش نہیں رکھی گئی۔انہوں نے کامیاب درخواست گزاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ اپنی زمین کے خود مالک ہوں گے ، محنت بھی ان کی ہوگی اور اس کا پورا ثمر بھی انہیں ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ الاٹمنٹ لیٹرز، لیز سرٹیفکیٹس اور اراضی کی حوالگی کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔ دیہی آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دیہی علاقوں میں تعلیم، صحت، صاف پانی، بنیادی انفراسٹرکچر اور جدید زرعی سہولتوں کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط دیہی معیشت ہی ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مثالی گاؤں، لوکل روڈز، ستھرا پنجاب اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے دیہی علاقوں میں عوامی سہولتوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔



