اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وفاقی وزیر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ ٹیلی کام بل سے کسی کی ذاتی زمین اور جائیداد پر زبردستی قبضہ نہیں ہوگا، نجی پراپرٹیز کے حوالے سے کیٹگریز طے کی جائیں گی۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام بل پر مالی بے ضابطگیاں اور دیگر الزامات بے بنیاد ہیں، وزیراعظم سے کہا کہ بل کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کی انکوائری کرائی جائے ۔ نئے ٹیلی کام بل کا مقصد ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ہے ،کمیونیکیشن ایکٹ میں ترامیم وقت کا تقاضا ہے ، اتفاق رائے سے قانون سازی کی جا رہی ہے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ نجی پراپرٹی سے فائبر بچھانے کیلئے مالک کی اجازت لازم ہوگی، ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ کا بل 6 ترامیم کے ساتھ منظور کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو کسی ایک کمپنی کو نوازنے کے شواہد نہیں ملے ، کمیٹی نے بل میں تمام سقم دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ٹیلی کام بل سے کسی کی زمین اور جائیداد پر قبضہ نہیں ہوگا : شزا فاطمہ



