بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے قدرتی آفات سے بچاؤ اور ان سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو موثر بنانے کی تاکید کی ہے۔
انہوں نے یہ بات سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے ایک گروپ سٹڈی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ آفات سے بچاؤ، ان کے اثرات کم کرنے اور امدادی کاموں کی اہمیت کو ایک تزویراتی نکتہ نظر سے پوری طرح سمجھنا ضروری ہے تاکہ اعلیٰ معیار کی ترقی اور اعلیٰ سطح کی سلامتی دونوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس کام کو بہتر بنانے کے لئے پارٹی کی مکمل قیادت کو برقرار رکھنا، عوام اور ان کی زندگیوں کو اولین ترجیح دینا، قدرتی قوانین کا احترام کرنا، پیشگی احتیاط کو ترجیح دینا، اصلاحات اور جدت کو فروغ دینا، نظام کوسمجھ کر حکمت عملی اپنانا اور عوامی شرکت کو بڑھانا ضروری ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ آفات کے خطرات کو کم کرنے اور نقصانات کو محدود کرنے کا انحصار اس بات پر ہے کہ آفات سے پہلے ہی احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری منصوبہ بندی اور تعمیراتی منصوبہ بندی میں حفاظتی تقاضوں کو شامل کیا جانا چاہیے اور بڑے شہروں اور آفات کے خطرے والے علاقوں میں بنیادی شہری سہولتوں کے حفاظتی معیار کو مناسب طور پر بہتر بنایا جانا چاہیے۔
شی جن پھنگ نے بڑی آفات اور تباہ کن حالات سے نمٹنے کی ملکی صلاحیت کو مسلسل بہتر بنانے پر زور دیا، جس میں نگرانی اور ابتدائی انتباہی نظام کو مضبوط بنانا اور ہنگامی ردعمل کے منصوبوں کو بہتر بنانا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آفات سے نمٹنے کے لئے سائنسی اور تکنیکی معاونت اور قانونی تحفظ کو مضبوط کیا جائے اور ہنگامی انتظام کے شعبے میں ٹیکنالوجی اور صنعتی جدت کو فروغ دیا جائے۔
شی جی پھنگ نے نچلی سطح پر ہنگامی امدادی نظام کو بہتر بنانے اور عوام میں آفات کے بارے میں آگاہی اور تیاری پر بھی زور دیا۔
شی جن پھنگ کی قدرتی آفات سے بچاؤ اور ردعمل کی صلاحیت مضبوط بنانے کی تاکید



