بیجنگ (شِنہوا) چین کی قومی توانائی انتظامیہ (این ای اے) نے ملک میں ابھرتی ہوئی صنعتوں کو فروغ دینے اور ماحول دوست توانائی کی منتقلی کو تیز کرنے کی وسیع تر کوششوں کے حصے کے طور پر ہائیڈروجن توانائی کے علاقائی پائلٹ پروگراموں کو آگے بڑھانے کے کلیدی اقدامات کا خاکہ پیش کرنے کے لئے ایک اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں جاری آزمائشی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اہم رکاوٹوں کی نشاندہی کی گئی اور اگلے مرحلے کے لئے ترجیحات کا تعین کیا گیا۔ حکام نے ہائیڈروجن توانائی کی تزویراتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے عالمی توانائی ٹیکنالوجی کے انقلاب اور صنعتی تبدیلی کی ایک اہم سمت قرار دیا۔ اس شعبے کو ایک جدید صنعتی نظام کی تعمیر، نئی معیاری پیداواری قوتوں کے فروغ، قومی توانائی کی سلامتی کے تحفظ اور کم کاربن کی حامل ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ چین نے باضابطہ طور پر دسمبر 2025 میں ہائیڈروجن کے آزمائشی منصوبوں کے پہلے بیچ کا اعلان کیا تھا، جو 41 اقدامات پر مشتمل ہے۔ ان میں چین کے شمالی اندرونی منگولیا خود مختار خطے میں بڑے پیمانے پر طویل فاصلے تک ہائیڈروجن پائپ لائن کے ساتھ ساتھ ہوا اور شمسی توانائی سے ہائیڈروجن کی مشترکہ پیداوار اور گرین امونیا کے منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ علاقائی پائلٹ پروگرام ترقیاتی چیلنجز پر قابو پانے اور اعلیٰ معیار کی ترققی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ کلیدی ترجیحات میں 15 ویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) کے اہداف اور چین کو توانائی کی ایک بڑی طاقت بنانے کے وسیع تر مقصد کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا اور مقامی حالات کی بنیاد پر زیادہ مخصوص اور مربوط انداز میں آزمائشی پروگراموں کو آگے بڑھانا شامل ہے۔ اجلاس میں ہائیڈروجن کی تجارت اور گرین سرٹیفکیشن جیسی طریقہ کار کی اختراعات کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ پالیسی معاونت کو تیز کرنے اور آزمائشی پروگراموں کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانے کے لئے جرات مندانہ اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ حکام نے کہا کہ ان پائلٹ پروگراموں کی مسلسل پیش رفت توانائی کی سلامتی کو یقینی بنانے، ماحول دوست اور کم کاربن والی تبدیلی کو فروغ دینے اور ایک جدید صنعتی نظام کی تعمیر کو آگے بڑھانے میں بھرپور مدد فراہم کرے گی۔
چین صاف توانائی کی جانب منتقلی کی خاطر ہائیڈروجن کے علاقائی آزمائشی پروگراموں کے فروغ کے لئے کوشاں



