اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) وفاقی حکومت نے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ،مارکیز اور گھروں میں شادی بیاہ کی تقریبات رات 10 بجے تک ہونگی، تاہم خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی،فیصلوں کا آج سے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر پر یکساں طور پراطلاق ہوگا ،لیکن سندھ میں مارکیٹوں اور دیگر اوقات کار پرعملدرآمد کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے۔وزیراعظم آفس کے جاری اعلامیہ کے مطابق پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات ، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے منعقدہ اہم جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل سٹورز اور ہر قسم کے مالز رات 8 بجے بند ہوں گے تاہم بیکریاں، ریسٹورنٹ، تندور اور کھانے پینے کی دیگر دکانیں رات 10بجے بند کر دی جائیں گی۔میرج ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل جگہیں جہاں شادیوں کی تقریبات منعقد ہوتی ہیں وہ بھی رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گی۔ نجی پراپرٹیز اور گھروں میں بھی شادی بیاہ کی تقریبات 10 بجے رات کے بعد منعقد کرنے پر پابندی ہو گی۔میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کے اوقات کار ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کا اطلاق آج7 اپریل سے ہوگا۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسر موجود تھے ۔علاوہ ازیں اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ سندھ میں مارکیٹس اور دیگر اوقات کار کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے ۔وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی مد میں دی گئی سبسڈی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کرنے کا عمل جاری ہے ، 1 لاکھ ٹرانزیکشن ہو چکی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ پنجاب، خیبرپختونخوا ،بلوچستان، گلگت بلتستان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے قومی اہمیت کے ان اہم معاملات میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا،سندھ حکومت کی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے ،امید ہے وزیر اعلیٰ سندھ بھی اس حوالے سے جلد مشاورت کا عمل مکمل کرنے کے بعد اس فیصلے میں شامل ہو جائیں گے ۔گلگت شہر اور مظفرآباد شہر میں انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کیلئے مفت ہو گی،تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر کی بچت کیلئے ماحول دوست گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینا ہوگا، اسوقت تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں،اسلام آباد ٹریفک پولیس میں ماحول دوست گاڑیوں کا استعمال خوش آئند ہے، اس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی ۔وہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ٹریفک پولیس کو ماحول دوست الیکٹرک وہیکلز کی فراہمی کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے علاوہ اسلام آباد پولیس و ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی طرف سے ٹریفک اور امن و امان کے قیام کیلئے الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کا آغاز ہوا ہے ، وفاقی دارالحکومت میں جدید گاڑیوں کا نظام لانچ کرنے پر خوشی ہو رہی ہے ، گاڑیوں کی پہلی کھیپ اسلام آباد پولیس کو فراہم کر دی ، یہ جدید گاڑیاں پٹرول کے بجائے بجلی سے چلیں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے ملک بھر میں منصوبے کی تقلید کی جائے گی ، اسلام آباد پولیس کو پہلے مرحلے میں 15 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملاقات کی اور اس دوران پاکستان ریلویز کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر ریلویز نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان ریلویز کے آپریشنل امور پر بریفنگ میں بتایا کہ خلیج کی صورتحال میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں چلنے والی تمام آپریشنل ٹرینوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کر رہی ہے ، ریلوے نظام کو بہتر بنا کر آمدن میں اضافہ کرنے پر توجہ دی جائے ،پاکستان ریلویز کو ایک جدید، محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری نظام میں تبدیل کرنے کیلئے اصلاحاتی اقدامات کو تیز کیا جائے ۔مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم صحت پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ہم آواز ہو کر عالمی یوم صحت بھر پور انداز میں منا رہا ہے ، آج ہم صحت مند قوم کی تعمیرکے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،اس سال اس دن کا عنوان صحت کے لیے متحد ہوں، سائنس کا ساتھ دیں’’ایک نہایت مثبت پیغام ہے۔
مارکیٹیں رات 8 بجے بند، میرج ہالز، مارکیز اور گھروں میں شادی بیاہ کی تقریبات رات 10 بجے تک ہونگی



