تہران(نیشنل ٹائمز) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 97ویں لہر کے دوران خلیج فارس اور ملحقہ علاقوں میں متعدد امریکی و اسرائیلی اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ اسرائیلی امریکی حملوں میں آج 6 بچوں سمیت 24 ایرانی شہید ہو گئے۔پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت کی گئی اس کارروائی کو ایرانی وزارتِ توانائی کے ملازمین کے نام کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق کویت میں محمد الاحمد بحری اڈے کے قریب ایک مقام پر موجود امریکی کمانڈرز اور افسران کے اجتماع کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد علاقے میں ایمبولینسز کی بڑی تعداد میں آمد و رفت بھاری جانی نقصان کی نشاندہی کرتی ہے۔پاسدارانِ انقلاب کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جبل علی بندرگاہ کے چینل میں موجود کنگ ڈاؤ سٹار نامی ایک اسرائیلی جہاز کو قدر نیول کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی، متحدہ امارات میں 25 امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے تحت گزشتہ روز سے اب تک کئی جہازوں کو بغیر اجازت آمد و رفت سے روکا گیا اور انہیں آبنائے ہرمز کے مشرقی اور مغربی اینکریج کی جانب منتقل کیا گیا، جبکہ اسرائیلی شہر بئر السبع میں بھی صہیونی فوج سے منسلک صنعتی علاقے کو ایرو سپیس فورس نے نشانہ بنایا۔
امریکی اسرائیلی حملے
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے تہران پر حملے میں 6 بچے شہید ہو گئے، مختلف شہروں پر امریکی اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 24 ہو گئی، ایران پر حملوں میں اب تک 2 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔امریکا اسرائیل نے تہران یونیورسٹی کو نشانہ بنایا، حملوں میں تہران یونیورسٹی کی مسجد اور گیس سٹیشن کو نقصان پہنچا، جنگ کے آغاز سے امریکا اور اسرائیل درجنوں مساجد،اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔امریکا اسرائیل کی ایرانی دارالحکومت تہران کے مشرقی علاقے میں اندھادھند بمباری سے 3 رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، 50 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق حیفہ پر ایرانی میزائل حملوں سے شدید تباہی ہوئی، عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، ایرانی حملے میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے 4 افراد دب گئے، حیفہ میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے 2 لاشیں برآمد ہوئیں۔
بوشہر سمیت مختلف ایرانی شہروں پر امریکی و اسرائیلی حملے، سکیورٹی خدشات میں اضافہ
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے صوبہ بوشہر میں ایک اور حملہ کیا گیا ہے جہاں ایک بڑا جوہری بجلی گھر بھی واقع ہے، اس علاقے میں مسلسل حملوں کے باعث نہ صرف مقامی بلکہ علاقائی سطح پر بھی شدید تشویش پائی جا رہی ہے کہ کہیں چرنوبل پلانٹ جیسا کوئی بڑا سانحہ جنم نہ لے۔ایران کے شہر اہواز میں بھی متعدد حملے کیے گئے ہیں جن میں وہاں کے ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا، اس کے علاوہ مشرقی تہران کے قریب بھی حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے اسرائیلی افواج اور تنصیبات پر متعدد حملے
لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل اور جنوبی لبنان کی سرحد کے ساتھ اسرائیلی افواج اور تنصیبات پر متعدد حملے کیے ہیں۔تنظیم کے بیان کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے شاما کے قریب اسرائیلی فوج کو نشانہ بنانے کیلئے دھماکہ خیز آلات نصب کیے گئے جبکہ بعد میں موقع پر پہنچنے والی امدادی ٹیم پر بھی حملہ کیا گیا۔حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے ایناتا کے قریب اسرائیلی فوجی ٹھکانوں اور اجتماع گاہوں پر راکٹ حملے کیے، اس کے علاوہ خیام کے مشرقی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔تنظیم کے مطابق شمالی اسرائیل کے مختلف شہروں کی جانب بھی راکٹ فائر کیے گئے، جبکہ شمالی اسرائیل میں واقع میرون کے فضائی کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز کو بھی ہدف بنایا گیا۔
اردن نے اپنی فضائی حدود میں ایران کے 2 میزائلز، 2 ڈرون مار گرائے
اردنی فوج کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران کی جانب سے داغے گئے 2 میزائل اور 2 ڈرون اردن کی فضائی حدود میں مار گرائے گئے۔اردن نیوز ایجنسی کے ذریعے جاری بیان میں پبلک سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان نے بتایا کہ اسی عرصے کے دوران گرنے والے ملبے اور پروجیکٹائلز سے متعلق 18 رپورٹس پر بھی کارروائی کی گئی۔ترجمان کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم کچھ مقامات پر مالی نقصان ضرور پہنچا ہے۔
اماراتی حکام نے فضا میں سنائی دینے والی آوازوں کی وضاحت کر دی
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرات کا بھرپور جواب دے رہے ہیں۔سرکاری بیان کے مطابق فضا میں سنائی دینے والی آوازیں دراصل جاری دفاعی کارروائیوں اور دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے کی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔
حکام نے صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے اور ملک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
فضائی دفاعی نظام دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کو فضا میں ہی ناکام بنا رہے ہیں، کویتی فوج
کویتی فوج نے کہا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کو فضا میں ہی ناکام بنا رہے ہیں، آسمان میں سنائی دینے والے دھماکوں کی آوازیں دراصل انہی دفاعی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ دفاعی کارروائی کے ذریعے آنے والے خطرات کو بروقت روکا جا رہا ہے، جبکہ سکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اسرائیل کے فضائی حملے، بیروت کے مشرق میں 3 افراد جاں
لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں دارالحکومت بیروت کے مشرق میں کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
لبنان کے دریائے لیطانی کے جنوب میں تمام علاقوں کو عملی فوجی زون میں بدل دیا، اسرائیل
اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے کہا ہے کہ لبنان کے دریائے لیطانی کے جنوب میں تمام علاقوں کو عملی فوجی زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں حزب اللہ کے خلاف زمینی کارروائیاں جاری ہیں، لبنان کی جانب سے بلند فاصلے تک مار کرنے والی فائرنگ کو دبانے میں وقت لگے گا اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔اسرائیلی فوج کے سربراہ نے جنوبی لبنان کا دورہ کرکے وہاں تعینات اہلکاروں سے ملاقات بھی کی ہے، جبکہ شدت پسند کارروائیوں اور اسرائیلی زمینی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسرائیل شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور جنوبی لبنان پر طویل عرصے تک قبضے کی تیاری کر رہا ہے۔
رائل ایئر فورس نے متعدد ایرانی ڈرونز مار گرائے، برطانوی وزارت دفاع
برطانوی وزارت دفاع کے مطابق برطانیہ کے ٹائیفون اور ایف 35 جیٹ مشرقی بحیرہ روم، اردن، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے اوپر دفاعی مشنز جاری رکھے ہوئے ہیں جنہیں رائل ایئر فورس کے فضائی ایندھن فراہم کرنے والے طیارے اور رائل نیوی کے ہیلی کاپٹر سپورٹ کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں فورس پروٹیکشن کے اقدامات اعلیٰ ترین سطح پر جاری ہیں اور برطانیہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ قریبی تعاون بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
آبنائے ہرمز سے 15 بحری جہاز ایران کی اجازت سے گزر گئے
ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز سے 15 بحری جہاز ایران کی اجازت سے گزرے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اہم سمندری گزرگاہ میں جہاز رانی کا سلسلہ ابھی بھی شدید متاثر ہے اور امریکا و اسرائیل کے ساتھ جنگ شروع ہونے سے پہلے کے مقابلے میں بحری آمدورفت 90 فیصد تک کم ہو چکی ہے، جس سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل پر بھی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔



