اسلام آباد (شِنہوا) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران، مصر اور بحرین کے اپنے ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر الگ الگ گفتگو کی ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران تناؤ میں کمی اور مذاکرات کے لئے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ گفتگو کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور جاری پیشرفت کے پیش نظر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے کی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہےاور اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔
مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی سے الگ الگ گفتگو میں بھی اسحاق ڈار نے تناؤ کم کرنے کے تمام اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لئے علاقائی ممالک سے مسلسل رابطہ



