اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 4 اپریل 2026 کو سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ شہادت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ان کی قومی، سیاسی اور آئینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے بطور وزیراعظم ملک کی ترقی، خوشحالی اور دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے خلوص نیت سے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا سب سے بڑا کارنامہ آئین پاکستان 1973 کی تیاری اور منظوری میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے، جس نے ملک میں پارلیمانی نظام کو استحکام اور جمہوریت کو فروغ دیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عوامی طرز حکمرانی کو فروغ دیا اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے قابل قدر اقدامات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعظم انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی کی اور ملک کا وقار بلند کیا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ذوالفقار علی بھٹو کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔



