قرآن ہدایت کی کتاب تھی، ہم نے ثواب کی بنا دی

تحریر: عابد حسین قریشی

ہم کس قدر خوش نصیب ہیں، کہ اللہ تعالٰی کی آخری الہامی کتاب اسکے آخری نبی اور پیغمبر حضرت محمد مصطفٰی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعہ ہم تک پہنچی، جو قیامت تک کے انسانوں کے لئے راہ ہدایت ہے۔

اللہ تعالٰی نے اپنی اس آخری الہامی کتاب کو کتاب ہدایت، کتاب روشن، نور، کتاب حکمت، سراسر سچ، کفر و شرک میں تفریق کرنے والی اور تابد انسانوں کو گمراہی سے بچانے والی قرار دیا ہے۔ کیا اس مقدس کتاب کی خالی ورق گردانی کرنا یا اسے بغیر سمجھ کے پڑھ کر ثواب کی توقع رکھنا جائز ہے، یا اسے کتاب ہدایت اور روشن کتاب سمجھ کر، اس پر غور و فکر کرنا، تدبر کرنا، اور اس سے ہدایت لینا زیادہ بہتر، ثمر آور، فائدہ مند اور اثر انگیز ہے۔

اللہ تعالٰی نے قرآن پاک میں کئی جگہ یہ فرمایا کہ یہ قرآن پاک ایک با برکت کتاب ہے، جسکو اس لئے نازل فرمایا گیا، تاکہ لوگ اسکی آیات پر غور و فکر کریں۔ اور لوگ قرآن پر غور کیوں نہیں کرتے، کیا انکے دلوں پر قفل لگے ہیں، اگر لوگ اس قرآن کی آیتوں پر غور کریں تو اہل فہم اس سے نصیحت حاصل کریں۔ حوالہ کے لئے (سورہ محمد، سورہ النساء، سورہ ص)

بطور مسلمان ہمارے ہر گھر میں قرآن پاک موجود بھی ہوتا ہے، اور پڑھا بھی جاتا ہے، مگر ہمارے محراب و ممبر سے اسے ثواب کی کتاب سمجھ کر پڑھایا بھی جاتا ہے، اور اسکی ترغیب بھی دی جاتی ہے۔ کہ الف لام میم پڑھنے سے تیس نیکیاں ملتی ہیں۔ اللہ کی اس کتاب کو پڑھنا، سننا، دیکھنا اور اسے چھونا بھی فیوض و برکات کا باعث ہے، مگر کیا اتنی بڑی اور عظیم مقدس کتاب صرف ثواب کے حصول کے لئے نازل ہوئی یا اسکا کچھ اور بھی مقصد تھا۔

سچی بات تو یہ ہے، کہ عمر کے اس حصہ میں ایک پچھتاوا بلکہ ندامت ہمہ وقت ساتھ رہتی ہے، کہ اوائل جوانی میں ہم عربی زبان کیوں نہ سیکھ سکے، تاکہ قرآن کریم کو بالکل ٹھیک سیاق و سباق میں پڑھتے اور سمجھتے۔ اور یقیننا بہت سی آلائشوں سے بچ جاتے۔

ہم بھی ایک زمانہ تک صرف تلاوت سے ہی کام چلاتے رہے، مگر جب اس قرآن کریم کو ترجمعہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھنا شروع کیا، تو معانی و تفہیم کے کئی در وا ہوتے چلے گئے۔ اور دل کے کئی اندرونی خانوں پر دستک شروع ہوئی اور اللہ تعالٰی کے خاص کرم اور قرآن کریم کی برکت سے نہ صرف بہت سی فیوض و برکات ملنا شروع ہو گیئں، بلکہ زندگی کا مفہوم ہی بدل گیا۔

یہ اسی قرآن کریم کے بغور مطالعہ اور اس پر فکر و تدبر کرنے سے پتہ چلا، کہ اس کائنات کا صرف ایک ہی رب ہے، جسکا کوئی شریک نہیں، اور وہی اکیلا اس سارے نظام کائنات کو سنبھالے ہوئے ہے، وہی روز جزا کا مالک ہے، اسی قرآن سے یہ بھی منکشف ہوا، کہ نیکی اور بدی، خیر اور شر کیا ہیں، اللہ کی راہ میں مال خرچ کرنے کو اللہ سے تجارت اور اللہ کو قرض دینے سے کیوں تشبیہ دی گئی ہے۔

مخلوق خدا کی خدمت کی کیا اہمیت ہے، اور اس قرآن نے ہی بتایا کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفٰی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اللہ تعالٰی کی نظر میں کیا اعلٰی مقام و رتبہ ہے۔ اور کیا منفرد پروٹوکول ہے۔ الغرض اس کتاب مبین نے زندگی گزارنے کا گر اور ہنر آشکار کر دیا جس نے زندگی میں راحت و اطمینان کی لہریں رواں دواں کر دیں۔

یہ کتاب سراسر سچ ہے، اور اس میں کئے گئے وعدوں کی پاسداری اللہ تعالٰی نے خود فرمانی ہے، اور اللہ سے بڑھکر اپنے وعدوں کی پاسداری کرنے والا کون ہے۔ اللہ کی یہ روشن اور زندہ کتاب اپنے قاری سے یہ تقاضا کرتی ہے، کہ اسے صرف پڑھا نہ جائے، بلکہ سمجھ کے پڑھا جائے۔

ہم تو قرآن بھی دوسروں سے پڑھوا کر ثواب کی توقع رکھتے ہیں۔ تقریباً تیس سال پرانی بات ہوگی، ایک دور دراز شہر میں پوسٹنگ کے دوران میری اہلیہ نے ختم قرآن پاک کا گھر میں اہتمام کیا۔ مقامی مسجد کے قاری صاحب کچھ بچوں کے ساتھ تشریف لائے اور ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر قرآن پاک پڑھ کر چلے گئے۔

میں نے اپنی اہلیہ سے پوچھا، کیا آپ نے خود قرآن پڑھا یا ڈرائینگ روم میں بیٹھ کر سنا، تو جواب نفی میں تھا، تو عرض کیا کہ قرآن پڑھنے اور سننے والے کو توثواب مل سکتا ہے، اور جس نے نہ پڑھا نہ سنا وہ اس سے کیا توقع رکھے گا، تو اس روز سے ہمارے گھر میں یہ طے پایا کہ قرآن پاک خود ہی پڑھا جائے گا اور یہ عمل الحمدللہ جاری و ساری ہے۔

اللہ تعالٰی کی یہ آخری الہامی کتاب پوری انسانیت کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے، اسکی قدر ہم نے وہ نہیں کی، جسکی یہ مستحق ہے۔ سورہ الفرقان کی آیت نمبر 30 میں تو یہاں تک کہا گیا کہ پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالٰی سے اپنی قوم کا گلہ کریں گے، کہ اس قوم نے قرآن کو چھوڑ دیا یا نظر انداز کر دیا تھا۔

ہم تو نبی محتشم حضرت محمد مصطفٰی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روز محشر شفاعت کی امید اور توقع رکھتے ہیں، اور اگر قرآن کو ترک یا نظر انداز کرنے والی شکایت ہو گئی تو پھر کیا منظر بنے گا۔ اگر شفاعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تمنا ہے، تو قرآن پاک کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا لیں۔ اسکی طرف بڑھ کر تو دیکھیں، یہ انسان کی زندگی بدل دیتا ہے۔

یہ تو سراسر ہدایت ہے، جو اسے سمجھ کر پڑھ گیا وہ ہدایت پا گیا، اور جو ہدایت پا گیا، وہ دنیا و آخرت کی ساری بھلائیاں سمیٹ گیا۔



  تازہ ترین   
امریکی اسرائیلی تنصیبات نشانہ، 8 طیارے تباہ کر دیئے: ایران، جہنم کی آگ برسائیں گے:امریکا
صدرِ مملکت و وزیراعظم کی دنیا بھر کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد
جارحیت جاری رہی تو پورا خطہ امریکا و اسرائیل کیلئے جہنم بنا دیں گے: ایران
پاکستانی و ایرانی وزرائے خارجہ کا رابطہ، خطے کی بدلتی صورتحال پر گفتگو
بوشہر جوہری پلانٹ پر حملے، روس نے اپنے عملے کے مزید 198 افراد نکال لیے
تابکاری کا اخراج ہوا تو خلیجی ممالک میں بھی زندگی ختم ہو جائے گی: ایرانی وزیر خارجہ
جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے، خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق
ایران میں گرنے والے جہاز کے دوسرے ہوا باز کو بھی بازیاب کرالیا: ٹرمپ کا دعویٰ





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر