اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب میں گڈز، پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں کو ایک ماہ کیلئے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے سرکاری ٹی وی پر قوم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مشکل حالات میں ایک بار پھر عوام سے مخاطب ہوں، میں نے بھرپور کوشش کی کہ قومی وسائل کو عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے صرف کیا جائے، ایک ایک پیسے کی بچت سے مہنگائی کے طوفان سے بچایا جائے، آج عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے، خلیج میں جنگ جاری ہے پوری دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمانوں پر ہیں۔
مہنگائی نے دنیا کی طاقتور معیشتوں کی کمر توڑ دی ہے، پاکستان بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے، پچھلے تین ہفتوں میں حکومت نے عوام پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ڈالنا قطعی مناسب نہیں سمجھا، کیونکہ میں جانتا ہوں کہ پاکستان میں عام آدمی کس طرح زندگی بسر کرتا ہے۔
تلخ حقیقت ہے کہ غریب کا چولہا بجھ رہا ہے اور کسان مشکلات کا شکار ہے، میں نے تین ہفتوں میں قومی وسائل سے خرچ کئے تاکہ مہنگائی کا طوفان عوام تک نہ پہنچ سکے، کوشش کررہے کہ جنگ رک جائے، مجھ سمیت فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم جنگ رکوانے میں مصروف ہیں۔
کل کے اعلانات کے مطابق موٹرسائیکل کو ایک لیٹر پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی، گڈز ٹرانسپورٹ مال بردار گاڑیوں کو 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی۔چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑے ٹرک 80 ہزار اور عوامی سفر کی بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی، تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اور کرایوں کا بوجھ عوام پر نہ پڑے۔ چھوٹے کسانوں کیلئے 1500 روپے فی ایکڑ امداد مہیا کی جائے گی۔
پاکستان ریلوے میں اکانومی کلاس کے ڈبوں میں مسافروں کیلئے کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا۔ وزارت ریلوے کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے پیٹرول پر لیوی میں 80روپے کمی کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا، پیٹرول کی قیمت کم ہوکر 378 روپے کردی گئی ہے۔ یہ کمی کم ازکم آئندہ ایک ماہ کیلئے اطلاق ہوگا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کرتی رہیں گی۔ کابینہ ارکان کی تنخواہوں میں چھ ماہ تک کٹوتی کی جائے گی۔
وفاقی حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان



