اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر میں غیر تسلیم شدہ یونیورسٹیوں اور غیر رجسٹرڈ کیمپسز کی تازہ فہرست جاری کر دی ہے، جس میں سب سے زیادہ تعداد صوبہ پنجاب کی سامنے آئی ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق پنجاب میں 95 ایسے تعلیمی ادارے موجود ہیں جو یا تو جعلی ہیں یا قانونی طور پر رجسٹرڈ نہیں۔ دیگر صوبوں میں سندھ کے 35، خیبر پختونخوا کے 12، آزاد کشمیر کے 4 جبکہ وفاقی چارٹر کے تحت قائم 2 اداروں کو بھی غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
کمیشن نے طلبہ اور والدین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کریں۔ اس مقصد کے لیے سرکاری فہرست سے تصدیق کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔
ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ صرف منظور شدہ اور رجسٹرڈ جامعات کی ڈگریاں ہی قابلِ قبول ہوتی ہیں، جبکہ غیر قانونی اداروں سے حاصل کردہ اسناد نہ سرکاری ملازمت کے لیے معتبر ہوں گی اور نہ ہی اعلیٰ تعلیم کے لیے تسلیم کی جائیں گی۔
ایچ ای سی کی جانب سے جعلی و غیرقانونی قرار دی گئی جامعات و کالجز کی فہرست دیکھنے کیلئے یہاں کلک کریں:



