اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)خیبر پختونخوا میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 17 افراد جاں بحق جبکہ 56 افراد زخمی ہوگئے ۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدئی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق جاں بحق افراد میں 14 بچے ، ایک مرد اور دو خواتین جبکہ زخمیوں میں 25 مرد، 5 خواتین اور 26 بچے شامل ہیں۔بارشوں کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 11گھر وں کو جزوی نقصان پہنچا۔یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، دیر اپر، باجوڑ، بٹگرام اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے ۔صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ یہ سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ،مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، بلکہ ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔دوسری طرف بلوچستان میں شدید بارشوں سے ژوب سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی قومی شاہراہ رات گئے سیلابی ریلے میں بہہ گئی جبکہ اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، مختلف سیکٹروں و علاقوں میں سڑکیں، راستے اور میٹرو بس کے ٹریکس تک زیرِ آب آگئے ، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں سوہاں اور اسلام آباد ہائی وے پر بھی پانی بھرنے سے شہریوں کو خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، متعدد مقامات پر گاڑیاں پانی میں پھنسی رہیں اور شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے ۔دریں اثنا پی ڈی ایم اے نے بارشوں بارے الرٹ جاری کرتے ہوئے یکم سے 4 اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ظاہرکیاہے ، ترجمان کے مطابق سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
خیبر پختونخوا : بارشوں سے تباہی، چھتیں، دیواریں گرنے سے 17 جاں بحق، 56 زخمی



