نوم پنہ (شِنہوا) لان کانگ-می کانگ تعاون (ایل ایم سی) ویک 2026 اور ایل ایم سی کی 10 ویں سالگرہ منانے کے لئے کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں دریائے می کانگ کے کنارے 5 کلومیٹر تفریحی دوڑ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
کمبوڈیا کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون پراک سوک ہون نے کہا کہ یہ پروگرام ایل ایم سی کے رکن ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری اور پائیدار دوستی کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لان کانگ می کانگ دریا اپنے کنارے آباد تمام ممالک کے درمیان تعاون، لچک اور رابطوں کی واضح علامت ہے۔ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لئے اس کے قیمتی وسائل کے تحفظ، انتظام اور انہیں محفوظ بنانے کے لئے ہم سب پر مشترکہ ذمہ داری اور فرض عائد ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران ایل ایم سی ذیلی علاقائی تعاون کا سب سے زیادہ متحرک اور امید افزا طریقہ کار بن گیا ہے، جس نے تمام رکن ممالک کو مفید نتائج فراہم کئے ہیں۔
کمبوڈیا میں چین کے سفیر وانگ وین بن نے کہا کہ ایل ایم سی نے اس تنظیم کے چھ رکن ممالک کو بے پناہ عملی فوائد فراہم کئے ہیں۔
انہوں نے پروگرام کے 500 سے زیادہ شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ سب کی شرکت ایل ایم سی کے لئے آپ کی حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔ ہم نے ایل ایم سی ممالک کے درمیان فلاحی مقاصد، دوستی، امن اور تعاون کے فروغ کےلئے اس دوڑ میں حصہ لیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین ایل ایم سی کے تمام رکن ممالک کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید تیز کرے گا تاکہ زیادہ باہمی فوائد حاصل کئے جا سکیں اور ایل ایم سی کی ‘ایک اور سنہری دہائی’ تعمیر کی جا سکے۔
لان کانگ-می کانگ تعاون کی 10 ویں سالگرہ پر کمبوڈیا میں تفریحی دوڑ، سینکڑوں افراد کی شرکت



