لاہور (نیشنل ٹائمز) پنجاب حکومت نے لاہور کی سڑکوں، گلیوں اور تاریخی عمارتوں کے پرانے نام بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں شہر کے تاریخی ورثے کی بحالی سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ لاہور کی سڑکوں اور گلیوں کے اصل نام بحال کیے جائیں گے جبکہ یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے والے سرکاری کالجز کے بھی پرانے نام واپس دیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران قدیمی اور تاریخی عمارتوں کی بحالی کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور جاری منصوبوں کی پیشرفت کا تصویری جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
حکام کے مطابق ٹولنٹن مارکیٹ کے عقب میں کانونٹ گارڈن قائم کیا جائے گا جس میں سیمی کورڈ ایریا اور دکانیں بھی شامل ہوں گی۔
اجلاس میں نیو میوزیم بلاک میں عالمی معیار کی گیلریز بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جہاں قدیمی اسلحہ، سکے، چائنیز اور سکھ گیلریاں قائم کی جائیں گی جبکہ انٹرایکٹو اسکرینز بھی نصب کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ شاہ عالم گیٹ سے رنگ محل چوک تک راستے کو پیدل گزرگاہ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں لاہور کی 8 قدیمی گزرگاہوں کی بحالی اور قدیم شہر میں مریم زمانی مسجد سمیت دیگر تاریخی عمارتوں کی مرمت و بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا۔



