لاہور(نیشنل ٹائمز) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دوست اسلامی ممالک کے حوالے سے بے بنیاد تبصروں سے گریز کیا جائے ،پاکستان کی وزارت خارجہ امریکا و اسرائیل کی ایران سے جنگ اور عرب ممالک پر حملوں کے حوالے سے مو قف بیان کر چکی ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عرب اسلامی ممالک میں مقیم پاکستانی وہاں کے قوانین کی مکمل پابندی کریں، ایران ہمارا پڑوسی ہے اور سعودی عرب میں ہمارے مقدسات ہیں،وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل برادر اسلامی ممالک کے درمیان معاملات کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں، اسلام اور مسلمان دشمن اس جنگ کو امہ کے درمیان فرقہ ورانہ جنگ بنانا چاہتے ہیں۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ ورانہ تصادم کیلئے سازشیں کی جا رہی ہیں، تمام مکاتب فکر کی قیاد ت اور عوام کو پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا چاہیے ،قومی یا عوامی املاک کو جلانا یا ملک میں پر تشدد فضا پیدا کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کی قیادت اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پیغام پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر عمل کریں اور ملک میں امن و اتحاد کو فروغ دیں ۔
اسلامی ممالک پربے بنیاد تبصروں سے گریز کریں : طاہر اشرفی



