اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)افغان طالبان کی جانب سے شمالی بلوچستان میں 16 مقامات پر زمینی حملے اور 25 مقامات پر فائر ریڈ جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک مقام پر زمینی حملے اور 12 فائر ریڈ کئے گئے جنہیں پاک فوج نے بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲتارڑ نے منگل کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں آپریشن غضب للحق کے حوالے سے 3 مارچ صبح 10 بجے تک کی خصوصی اپڈیٹ شیئر کی جس کے مطابق افغان طالبان نے شمالی بلوچستان میں قلعہ سیف اﷲ، نوشکی اور چمن اضلاع میں 16 مقامات پر زمینی حملے کئے جبکہ 25 مقامات پر پاک افواج کے خلاف فائر نگ کیں۔ تمام مقامات پر حملوں کو مؤثر طور پر پسپا کر دیا گیا جس کے نتیجے میں افغان طالبان کے 27 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ۔ مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کے ایک جوان شہید جبکہ 5 جوان زخمی ہوئے ، اسی طرح خیبر پختونخوا میں ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی ، 12 مقامات پر فائر ریڈ کیا گیا۔ جنہیں بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنا دیا گیا۔خیبر پختونخوا میں رات بھر جاری کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے 40 کارندے ہلاک ہوئے ، فالو اپ آپریشنز تاحال جاری ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اﷲتارڑ نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ 3 مارچ 2026 کو سہ پہر 3 بجے تک افغان طالبان رجیم کے 464 کارندے ہلاک ، 665 سے زائد زخمی ہو چکے ،اب تک افغان طالبان کی 188 چیک پوسٹیں،192 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز تباہ کی گئیں، 31 پوسٹوں پر قبضہ کیا گیا، اسی طرح افغانستان بھر میں 56 مقامات کو فضائی کارروائی کے ذریعے موثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔ دریں اثناء سکیورٹی ذرائع کے مطابق 2اور 3 مارچ کی درمیانی شب افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے ٹھل سیکٹر میں در اندازی کی کوشش کی جسے پاک فوج نے ناکام بنا دیا اور جوابی کارروائی میں پکتیکا میں افغان طالبان کی پوسٹ پرقبضہ کرکے پاکستانی پرچم لہرادیا۔ پاک فوج کی بھرپور اور موثر جوابی کارروائی سے متعدد خارجی بھی جہنم واصل ہوئے ،پاک فوج نے افغان طالبان کی مزید تین پوسٹوں کو بھی تباہ کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے صوبہ ننگر ہارکے شہر جلال آبادمیں موثر فضائی کارروائی کے دوران ایمونیشن ڈپو اور ڈرونز سٹوریج تنصیبات کو تباہ کر دیا ۔ ان حملوں میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا جبکہ علاقے میں مزید اہداف کی نشاندہی کے بعد کارروائیاں جاری ہیں، ننگرہار کے خوگانی بیس کو بھی کامیاب فضائی حملے میں تباہ کر دیا گیا۔ دشمن کو ہر محاذ پر پسپائی کا سامنا ہے ، آپریشن اپنے مقررہ مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا۔
پاک فوج کی بھر پور جوابی کارروائی ،افغان سرحد پار سے زمینی حملے ناکام،67کار ندے ہلاک



